صحافت، جمہوریت کا چوتھا ستون سمجھا جاتا ہے، جس کا مقصد نہ صرف عوام کو آگاہ کرنا بلکہ حکومتی اداروں کو جوابدہ بنانا بھی ہے۔ یہ صحافیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی رپورٹنگ میں دیانت داری، غیرجانبداری اور سچائی کو ترجیح دیں۔ یومِ صحافت ہر سال ان صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے جو عوام کو حقائق سے باخبر رکھنے اور ان کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے اپنی زندگی وقف کرتے ہیں۔ یہ دن صحافت کی آزادی، ذمہ داری اور معاشرتی اہمیت پر غور و فکر کا موقع فراہم کرتا ہے۔آج کی تاریخ میں دنیا بھر میں، صحافیوں کو مختلف قسم کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ کہیں ان پر سیاسی دباؤ ڈالا جاتا ہے تو کہیں انہیں معاشی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ ڈیجیٹل دور میں جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنا بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔موجودہ دور میں صحافت کو ہمیشہ ہی پیچیدہ حالات کا سامنا رہا ہے۔ کئی ادوار میں صحافیوں کو سنسرشپ اور حکومتی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن ان تمام رکاوٹوں کے باوجود، صحافیوں نے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ صحافت کی آزادی کے لیے ان کی جدوجہد قابل ستائش ہے، لیکن یہ جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی۔یومِ صحافت ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ آزادیِ صحافت محض ایک حق نہیں بلکہ ایک ذمہ داری بھی ہے۔ صحافت کو ہمیشہ عوام کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔ یہ ضروری ہے کہ صحافی اپنی رپورٹنگ میں شفافیت اور معروضیت کو یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کے ذاتی یا ادارتی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کریں۔اس موقع پر حکومت، میڈیا اداروں، اور عوام کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔ حکومت کو آزادیِ صحافت کو یقینی بنانے کے لیے ایسے قوانین نافذ کرنے چاہئیں جو صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور میڈیا پر غیرضروری پابندیاں ختم کریں۔ میڈیا اداروں کو چاہیے کہ وہ صحافیوں کو بہتر تربیت فراہم کریں اور ان کے لیے محفوظ ماحول مہیا کریں۔ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ سچ اور جھوٹ میں تمیز کریں اور غیر مصدقہ خبروں کو پھیلانے سے گریز کریں۔یومِ صحافت، ہمیں اس بات کی ترغیب دیتا ہے کہ ہم سچائی کے فروغ، معاشرتی انصاف اور جمہوری اقدار کی مضبوطی کے لیے کام کریں۔ صحافت کی آزادی اور ذمہ داری کے درمیان توازن قائم کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو اور سچائی ہمیشہ غالب رہے۔حکومت کو بھی چاہئے کہ اس پیشے سے وابستہ افراد کو ہر ممکن تحفظ اور معاونت فراہم کرے تاکہ ہر صحافی بے خوف ہوکر اپنی پیشہ وارانہ خدمات انجام دے سکے-
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
