ثاقب پوشپوری
جنت مری کشمیر چلو سیر کریں سب
یہ ہے مری جاگیر چلو سیر کریں سب
یوں انس سے بھر پور ہے وادی یہ ہماری
کیوں کرنی ہے اب دیر چلو سیر کریں سب
کشمیر ہمارا یہ ہے ولیوں کا بھی مسکن
جنت سی ہے تصویر چلو سیر کریں سب
بنگس ہو یا گلمرگ ہو اہربل ہو یا کیرن
ہر ایک ہے دل گیر چلو سیر کریں سب
مل جل کے جہاں رہتے ہیں ہندو ہومسلماں
اِک ساتھ حرم ، دیر چلو سیر کریں سب
“کہتا ہوں مری بات ذرا دل سے سمجھ لو
اب مت کرو تاخیر چلو سیر کریں سب
مہمان نواز لوگ ہیں ثاقب یہاں پے سب
رکھتے نہیں یہ بیر چلو سیر کریں سب