نعت شریف
عمران راقم
خوشی میں نعت سناؤ چلو مدینے میں
نبی کا جشن مناؤ چلو مدینے میں
وہیں پہ خانہ بدوشی تمام کرنی ہے
ٹھکانا ڈھونڈ نے آؤ چلو مدینے میں
وہاں پہ شاہ و گدا کی قطار لگتی ہے
زمانہ دیکھنے آؤ چلو مدینے میں
وہاں کی خاک جبیں پرخوشی سےملتے ہیں
یہ حال دیکھنے آؤ چلو مدینے میں
جمال گنبد خضرا کا عکس کوئی نہیں
نظر سے چومنے آؤ چلو مدینے میں
وہاں پہ بٹتی ہے وللہ صدقہ احمد
خزانہ لوٹنے آؤ چلو مدینے میں
وہاں کے مست شراب ظہور پیتے ہیں
خودی میں ڈوبنے آؤ چلو مدینے میں
نظر نواز نظارہ ہے ہر قدم راقم
بہشت گھومنے آؤ چلو مدینے میں