110

لاپتہ اسکالر کے اہلخانہ کا احتجاج، بازیابی کا کیا مطالبہ

سرینگر ؍22،جون؍ ؍ وسطی ضلع گاندربل کے نارہ ناگ علاقے میں’ٹریکنگ‘ کے دوران لاپتہ ہوئے نوجوان پی ایچ ڈی اسکالر ہلال احمد کے اہلخانہ نے سوموار کو اپنے لخت جگر کی بازیابی کو لیکر صدائے احتجاج بلند کی ۔انہوں نے کہا کہ اُنکے بیٹے کا ملی ٹینسی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اگر اپن کا بیٹا پولیس یا فوج کے پاس ہے تو اُسے گھر واپس بھیج دیا جائے ۔اطلاعات کے مطابق سرینگر کے مضافاتی علاقہ بمنہ علاقے سے تعلق رکھنے والے لاپتہ نوجوان پی ایچ ڈی اسکالر کے اہل خانہ اور دیگر رشتہ داروں نے سوموار کے روز پریس کالونی سرینگرمیں ان کی بازیابی کے لئے احتجاج کیا۔احتجاجیوں میں بیشتر خواتین شامل تھیں ،جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے جن پر ’بے گناہ کو چھوڑ دو‘، ’ہلال احمد کی پراسرار گمشدگی‘وغیرہ کے نعرے لکھے ہوئے تھے۔ان کا کہناتھا کہ اُن کے بیٹے کا ملی ٹینسی سے کوئی تعلق نہیں ہے لہٰذا اُسکی بازیابی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے ۔اتوار کے روز زونی مرسرینگر میں ہونے والی تصادم آرائی میں ہلاک ہونے والے 3 جنگجوؤں میں پہلے اس کا نام بھی آیا تھا جس کی بعد میں تردید کی گئی۔اس موقع پر ہلال احمد کے ماما نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ جس کے پاس بھی ہمارا بچہ ہے چاہئے وہ پولیس ہے یا فوج ہے وہ اس کو واپس گھر بھیج دیں۔انہوں نے کہا’وہ اتوار سے غائب ہے چھ لڑکوں کے ساتھ ٹریکنگ پر گیا تھا ان لڑکوں کے مطابق اس نے یہ کہہ کر ٹریکنگ بند کردی کہ میں تھک گیا ہوں، یہ لڑکے ہمیں دھوکہ دے رہے ہیں فوج یا پولیس دھوکہ دے رہی ہے، معلوم نہیں ہے۔ وہ جس کسی کے پاس بھی ہے مہربانی کر کے اس کو گھر واپس بھیج دیں‘۔انہوں نے ان چھ لڑکوں جن کے ساتھ ہلال احمد تھا، کی تفتیش کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا’ان چھ لڑکوں کا انٹروگیشن کیا جانا چاہئے۔ ہم نے ہر جگہ اس کو تلاش کیا لیکن وہ کہیں بھی نہیں ملا آخر اس کو زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا‘۔انہوں نے کہا کہ وہ اسکالر شپ پر پڑھتا ہے اور باہر ایک کمپنی میں کام کررہا ہے، ہم کو یہ بتایا جائے کہ وہ زندہ بھی ہے یا مر گیا ہے‘۔۔ بمنہ سے تعلق رکھنے والا کشمیر یونیورسٹی کا پی ایچ ڈی اسکالر ہلال احمد ڈار ولد مرحوم غلام محی الدین ڈار وسطی ضلع گاندربل کے نارہ ناگ علاقے میں 13 جون کو ٹریکنگ کے دوران لاپتہ ہوا جب سے لیکر آج تک اس کا کہیں کوئی اتہ پتہ نہیں۔/کے این ایس

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں