129

امریکا کا یورپ سے فوج نکالنے کا اعلان :مائک پومپیو

سرینگر ؍26،جون؍کے این ایس/ہند ۔چین سرحدی کشیدگی کے بیچ امریکا نے یورپ سے اپنی فوج نکالنے کا اعلان کیا ہے ۔امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیوکا کہنا ہے کہ یہ سب ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت کیا جا رہا ہے۔کشمیر نیوز سروس مانیٹر نگ ڈیسک کے مطابق ہندستان اور چین کے درمیان مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچول کنٹرول ( ایل اے سی) پر تعطل مسلسل جاری ہے۔ دونوں فریق بات چیت کے ذریعہ اسے سلجھانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ابھی تک کوئی ٹھوس نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔ اس بیچ امریکہ نے ہندستان اور چین کے درمیان جاری کشیدگی پر بڑا بیان دیا ہے۔ امریکہ کے وزیر خارجہ مائک پومپیونے کہا ہے کہ وہ یوروپ سے اپنی فوج اس لئے ہٹا رہے ہیں کیونکہ ہندستان اور کچھ جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں پر چین کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خارجہ مائک پومپیو سے پوچھا گیا کہ آخر کیوں امریکہ جرمنی سے اپنی فوج ہٹا رہا ہے؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ سب ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ’ یہ سارے فیصلے چین کی حرکتوں کی وجہ سے لئے گئے ہیں، ہندستان پر چین کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اس کے علاوہ ویتنام، انڈونیشیا، ملیشیا، فلپین اور ساوتھ چائنا سی پر بھی خطرہ ہے، امریکہ یہ یقینی بنانا چاہتا ہے کہ ہم چین کو صحیح جواب دے سکیں‘۔مائک پومپیو نے اس کے علاوہ گلوان وادی میں ہندستان اور چین کے درمیان ہوئے پرتشدد جھڑپ پر بھی بات چیت کی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوروپی یونین سے چین کو لے کر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ جرمنی سے فوج واپس بلائے جانے کو لے کر یوروپی یونین نے ناراضگی جتائی تھی۔ انہوں نے بعد میں یہ بھی کہا کہ چینی کمپنیوں کے خلاف دنیا کو متحد کرنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔ دراصل، کووڈ۔19 وبا سے بیجنگ نے اسٹریٹجک اور معاشی طور پر فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں