107

نئی ڈومیسائل سند کی اجرائی کا عمل جاری

سینئر آئی اے ایس افسر کشمیر کے پہلے مستقل رہائشی بنے،25ہزار مستفید
سرینگر ؍26،جون/کے این ایس/جموں وکشمیر انتظامیہ نے نئی ڈومیسائل سند کی اجرائی کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے سینئر آئی اے ایس افسر کو جموں وکشمیر کے مستقل باشندے کے بطور سند دی ۔ادھر ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق اب تک25ہزار افراد کو جموں وکشمیر پشتنی باشندہ ہونے کی سر ٹیفکیٹ دی گئی ہے ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے جموں و کشمیر کیڈر کے ایک سینئر آئی اے ایس افسر ،نوین کمار چودھری انتظامی خدمات کے افسران سے جموں وکشمیر کے پہلے مستقل رہائشی بن گئے۔نوین کمار چودھری کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جموں خطے کے گاندھی نگر کے تحصیلدار نے جاری کی ہے۔ نوین چودھری ریاست بہار کے رہنے والے ہیں اور وہ گزشتہ 15 برس سے زائد عرصے سے جموں و کشمیر میں تعینات ہیں اور اس وقت محکمہ زراعت اور باغبانی کے پرنسپل سکریٹری کے عہدے پر تعینات ہیں۔ گزشتہ برس پانچ اگست دفعہ 370 اور35 اے کے خاتمے کے بعد بی جے پی حکومت نے جموں و کشمیر کا مستقل رہائشی نظام ختم کرکے ملک کے کسی بھی شہری کے لیے جموں و کشمیر کا مستقل رہائشی بننے کی راہ ہموار کی تھی۔اس سے قبل (دفعہ 34 اے )کے تحت فقط جموں و کشمیر کے باشندوں کو یہ حق حاصل تھا۔ نئے قوانین کے مطابق ملک کے کسی بھی شہری جس نے جموں و کشمیر میں 15 برس سے سرکاری یا کسی نجی ادارے میں کام کیا ہو، یا اس کے کسی بچے کو یہاں کے اسکول کی سند ہو وہ جموں و کشمیر کا ڈومیسائل حاصل کر سکتا ہے۔یاد رہے کہ لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے پیر کے روز جموں و کشمیر میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی’ ای۔ ایپلیکیشن ‘کو لانچ کیا تھا۔جموں و کشمیر ای ۔گورننس ایجنسی کے ذریعے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے آن لائن خدمات فراہم کی گئی ہیں۔ادھر ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق اب تک جموں وکشمیر میں قریب25ہزار افراد کو جموں وکشمیر کے پشتنی باشندہ ہونے کی سرٹیفکیٹ دی گئی ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اب تک 33ہزار157افراد نے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کیلئے در خواستیں دی ہیں جن میں 25ہزار کو یہ سرٹیفکیٹ دی گئی ہے ۔سرینگر میں65افراد نے درخواستیں دیں ،لیکن اب تک ایک بھی شہری کو یہ سرٹیفکیٹ نہیں دی گئی ہے ۔صوبہ جموں کے10اضلاع سے حکومت کو32ہزاردر خواستیں موصول ہوئیں،جن میں سے720افراد کو یہ سرٹیفکیٹ دی گئی ہے ۔پلوامہ ضلعے میں153سندیں اجرا کی گئیں ،اننت ناگ میں106،کولگام میں90،بارہمولہ میں39،شوپیان میں20،بانڈی پورہ میں10،کپوارہ میں10،بڈگام میں9،گاندر بل میں ایک شخص کو یہ سرٹیفکیٹ دی گئی ۔صوبہ جموں میں8ہزار500جاری کی گئیں ،ڈوڈہ میں،راجوری میں6ہزار214،پونچھ میں6ہزار123اورجموں میں2ہزار820سرٹیفکیٹس دی گئی ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں