114

گلمرگ سمیت کئی بالائی علاقوں میں مزیدبرباف باری

برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری،موسم میں آئی بہتری ، اگلے ایک ہفتے تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیشگوئی
سرینگر؍16،نومبر ؍وادی کشمیر کے مشہور ومعروف سیاحتی مقام گلمرگ سمیت کئی بعض بالائی علاقوں میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران مزید تازہ برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی ۔اس دوران موسم میں آئی بہتری کیساتھ ہی ڈیزاسٹر منیجمنٹ نے برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کردی ۔ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے ایک ہفتے تک مجموعی طور موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیشگوئی کے عین مطابق 13اور14نومبر کی درمیانی رات کو پیر پنچال کے آر پار برف وباراں کا سلسلہ شروع ہوا ،جو وقفے وقفے سے 15اور16نومبر کی درمیانی رات تک جاری رہا ۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر کے مشہور ومعروف سیاحتی مقام گلمرگ سمیت کئی بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔اس سلسلے میں ملی تفصیلات کے مطابقسیاحتی مقام سونہ مرگ، ذوجیلا، گومری، منی مرگ، مٹاین، گگن گیر میں دوسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہا ۔اطلاع کے مطابق سونہ مرگ میں 7اینچ ، منی مرگ 6اینچ، زوجیلا، 8اینچ، مٹاین، گومری6اینچ برف ریکارڈ کی گئی ہے۔گزشتہ24گھنٹوں کے دوران گرمائی دارالحکومت سرینگر میں سوموار کی صبح ساڑھے8بجے تک3.7ملی میٹر (ایم ایم) بارشیں ریکارڈ کی گئیں جبکہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.3ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ گیٹ وے آف کشمیر قاضی گنڈ میں 16.2ملی میٹر (ایم ایم ) بارشیں ریکارڈ کی گئیں ۔اسی طرح سیاحتی مقام اور امر ناتھ یاترا کے بیس کیمپ پہلگام میں15.0ایم ایم ( ایک سینٹی میٹر) برفباری درج کی گئی ۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں 34.4ایم ایم ،کوکرناگ میں 8.2ایم ایم ،کونی بال میں 5.5ایم ایم ،اننت ناگ میں 16.2ایم ایم ،بانڈی پورہ میں ایک ایم ایم ،بڈگام میں2ایم ایم بارشیں ریکارڈ کی گئیں ۔سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید برفباری ہوئی ،یہاں 30.6ایم ایم بارش وبرفباری ریکارڈ کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران6.3انچ برفباری درج کی گئی ۔ محکمہ ترجمان نے بتایا کہ صوبہ جموں میں بھی گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران بارشیں ہوئیں ۔انہوں نے کہا کہ سرمائی دارالحکومت جموں میں26.6ایم ایم بارشیں ریکارڈ کی گئیں ۔بانہال میں37.4ایم ایم اور1.5سی ایم برفباری ہوئی ۔بٹوت میں33.6ایم ایم ،کٹرا میں 35.2ایم ایم ،بھدرواہ میں 15.2ایم ایم ،کٹھوعہ میں20.2ایم ایم ،ادھمپور میں 72.8ایم ایم ،کشتواڑ میں 12ایم ایم ،سانبہ میں 23ایم ایم اور ریاسی میں 5ایم ایم بارشیں ہوئیں ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ کپوارہ میں رات کا درجہ حرارت منفی0.2ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ۔سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ۔ادھر وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد پیر کی صبح سے ہی موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونا شروع ہوئی اور دن میں کئی بار سورج گہرے بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوا۔محکمہ موسمیات کے ناظم سونم لوٹس نے بتایا کہ وادی کشمیر میں اگلے ایک ہفتے تک موسم مجموعی طور پر خشک ہی رہے گا۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں یا برف باری متوقع ہے۔اس دوران صوبائی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ نے سرحدی ضلع کپوارہ اور بانڈی پورہ میں درمیانی درجے جبکہ ضلع گاندربل اور بارہمولہ میں چھوٹے درجے کے برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں