100

ڈی ڈی سی، پنچایت اور بلدیاتی انتخابات ،سیکیورٹی الرٹ جاری

آئندہ چند روز میں دیا جائیگا فل پروف سیکیورٹی پلان مرتب
سرینگر؍5،نومبر ؍جموں وکشمیر میں ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی ) ،پنچایت اور بلدیاتی اداروں کی خالی نشستوں کے لئے انتخابات کے پیش نظر وادی کشمیر میں سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا ۔ادھر آئندہ چند روز میں اِن انتخابات کے احسن انعقاد کی خاطر فل پروف سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائیگا ،جس کے تحت پولنگ مراکز، امیدواروںاور رائے دہندگان کی سیکیورٹی کے لئے سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائیگا ۔ادھر جنوبی کشمیر کے چاروں اضلاع اننت ناگ ،کولگام ،پلوامہ اور شوپیان کے کئی دیہات میں جمعرات کو جنگجو مخالف آپریشنز کے دوران گھر گھر تلاشی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) کے ساتھ ساتھ پنچایتوں اور بلدیاتی اداروں کی خالی پڑی نشستوں پر بھی انتخابات کا اعلان کے ساتھ ہی جنگجویانہ حملوں کے پیش نظر وادی کشمیر میں سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ انتخابی عمل میں ممکنہ رخنہ ڈالنے کے پیش نظر یہ الرٹ جاری کیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں حساس علاقوں خاص طور پر جنوبی کشمیر میں سیکیورٹی ایجنسیوں کو متحرک رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ خفیہ ایجنسیوں نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ پیشگی سیکیورٹی ایجنسیوں کو بتایا کہ انتخابی عمل کے دوران وادی کشمیر میں سر گرم جنگجو حملے کرسکتے ہیں ،لہٰذا پیشگی سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں ۔ذرائع نے بتایا کہ خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے سیکیورٹی الرٹ جاری ہونے کیساتھ ساتھ وادی کے حساس علاقوں خاص طور پر جنوبی کشمیر میں پولیس ،فوج وفورسز کو متحرک کردیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کو آنے والے دنوں میں گشت میں تیزی لانے اور مشکوک افراد کی نقل وحرکت پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے ذرائع نیٹ ورک کیساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کے ذریعے جنگجو ئوں کی نقل وحرکت پر بھی کڑی نگاہ کرنے کے لئے مزید تیزی لائی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ حساس علاقوں میں خفیہ کیمروں کے ذریعے مشکوک افراد پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے ،تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو قبل از وقت ہی ٹالا جاسکے ۔ادھر ذرائع نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں ان انتخابات کے سلسلے میں فل پروف سیکورٹی پلان مرتب کیا جائیگا ۔ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دباغ سنگھ کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی جائزہ میٹنگ میں انتخابات کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائیگا ،جس میں انتخابات کے لئے حتمی سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائیگا ۔ذرائع نے بتایا کہ یہ میٹنگ غالباً جموں میں منعقد ہوگی ،تاہم دلباغ سنگھ آنے والے دنوں میں دورہ کشمیر کے دوران بھی سیکیورٹی انتظامات پر مہر ثبت کریں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ اسی طرح15کور کمانڈ ر لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو کی صدارت میں ایک جائزہ میٹنگ منعقد ہوگی ۔ذرائع نے بتایا کہ ممکنہ پولیس ،فوج وفورسز کے اعلیٰ حکام کے درمیان ایک مشترکہ سیکیورٹی جائزہ میٹنگ منعقد ،جس میں پہلے ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی ) ،پنچایت اور بلدیاتی اداروں کی خالی نشستوں کے لئے انتخابات کے حوالے سے فل پروف سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائیگا ۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) کے ساتھ ساتھ پنچایتوں اور بلدیاتی اداروں کی خالی پڑی نشستوں پر بھی انتخابات کا اعلان کردیاگیاہے جس کے ساتھ ہی حکام نے ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (انتخابی ضابطہ اخلاق )لاگو کردیا۔جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی، پنچایت اور شہری بلدیاتی انتخابات28 نومبر سے شروع ہوں گے اور ان کا اختتام19 دسمبر کو ہوگا۔ پولنگ کے اوقات صبح 7بجے سے دوپہر 2بجے تک رہیں گے جبکہ ڈی ڈی سی کے ووٹوں کی گنتی22 دسمبرکو ہوگی۔تاہم سرپنچ اور پنچ کی خالی نشستوں کیلئے رائے شماری کے دن ووٹوں کی گنتی کا فیصلہ لیا جائے گا۔ ڈی ڈی سی کے انتخابات پارٹی بنیادوں پر لڑے جائیں گے اور پنچایت انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ الیکشن کمشنر جموں و کشمیرکے کے شرما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’ایم سی سی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی آج سے نافذ العمل ہے، انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے پہلا باضابطہ نوٹیفکیشن کل جاری کیا جائے گا‘‘۔شرما نے کہا کہ کشمیری مہاجروں کے علاوہ کووڈ 19 مریضوں، معزز شہریوں اور جسمانی طور پر معذور افراد کے لئے پوسٹل بیلٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ انہوں نے مزید کہاکہ 80 سال سے زیادہ عمر کے افراد اور کووڈ 19 سے متاثرہ افراد، ہسپتال میں داخل ہونے والے مشتبہ افراد پوسٹل بیلٹ کی سہولت بھی حاصل کرسکتے ہیں۔اس دوران جنوبی کشمیر میں بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشنز شروع کئے گئے ،جو آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتے ہیں ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ڈی ڈی سی انتخابات کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے کم سے کم چھ دیہات میں بڑے پیمانے پر جمعرات کو تلاشی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں ۔ذرائع نے بتایا کہ نادی پورہ شوپیان میں 64آر آر اور شوپیان پولیس ،یاری پورہ کولگام میں ایک آر آر ،پولیس ،ڈاڈسرا ترال پلوامہ میں 42آر آر اورر اونتی پورہ پولیس اور کے کلان اننت ناگ میں3آر آر ،ایس اوجی اورسی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیموں نے جمعرات کی صبح بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف تلاشی کارروائیاں عمل میں لائیں ۔ذرائع نے بتایا کہ دن بھر جاری رہنے والی ان تلاشی کارروائیوں کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی اور افراد خانہ سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کو کسی بھی علاقے میں جنگجوئوں اورفورسز کے درمیان آمنا سامنا نہیں ہوا ۔یہ کارڈن اینڈ سرچ آپریشن (کیسو) یعنی محاصرہ وتلاشی کارروائیاں ان دیہات میں جنگجوئوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر عمل میں لائی گئیں ۔یاد رہے کہ جنوبی کشمیر سیکیورٹی ایجنسیوں کے مطابق جنگجوئیت کا گڑھ ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں