ایشوریہ رائے، دپیکا پاڈوکون اور پریانکا چوپڑا سے متاثر ہوں: عالیہ بھٹ 0

ایشوریہ رائے، دپیکا پاڈوکون اور پریانکا چوپڑا سے متاثر ہوں: عالیہ بھٹ

بالی وُڈ کی اداکارہ عالیہ بھٹ نے کہا ہے کہ ایشوریہ رائے، پریانکا چوپڑا اور دپیکا پاڈوکون نے انہیں بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق فوربز 3050 ایونٹ میں بات کرتے ہوئے عالیہ بھٹ نے بتایا کہ وہ ان تینوں اداکاراؤں کو بے حد پسند کرتی ہیں۔
عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ ’انڈین فلم انڈسٹری کی اداکاراؤں نے ایسا کر دکھایا ہے اور وہ مجھے متاثر کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ایشوریہ رائے، پریانکا چوپڑا، دپیکا پاڈوکون وہ اداکارائیں ہیں جو میری دوست بھی ہیں لیکن میں انہیں بے حد پسند کرتی ہوں۔‘
’میں انہیں بہت زیادہ کریڈٹ دینا چاہوں گی کیونکہ انہوں نے انڈسٹری کے لیے راہ ہموار کی۔ انہوں نے اس چیز کو عام کیا (یعنی بالی وُڈ میں خواتین کے آنے کوعام کیا۔‘
گزشتہ برس مشہور ٹاک شو ’کافی وِد کرن‘ کے سیزن 8 میں جب میزبان کرن جوہر نے کرینہ کپور سے پوچھا کہ کیا وہ سمجھتی ہیں کہ اُن کا مقابلہ دپیکا پاڈوکون سے ہے۔
اس کے جواب میں کرینہ کپور نے کہا تھا کہ یہ سوال عالیہ سے کرنا بنتا ہے۔
جب یہ ہی سوال کرن جوہر نے عالیہ بھٹ سے کیا تو اس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’نہیں، بالکل بھی نہیں۔ میرا اُن سے کیوں مقابلہ ہوگا؟ وہ (دپیکا) میری سینیئر ہیں۔ ہمارا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔‘
دوسری جانب عالیہ بھٹ کے مداح انہیں یش راج فلمز کے ’سپائی یونیورس‘ کے سلسلے کی فلم میں دیکھیں گے جس کی شوٹنگ رواں برس کے آخری حصے میں شروع ہوگی۔
اس فلم میں عالیہ بھٹ سپر ایجنٹ کا کردار نبھائیں گی تاہم اس فلم کا ابھی تک ٹائٹل سامنے نہیں آیا۔
اس کے علاوہ عالیہ بھٹ ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’لوو اینڈ وار‘ میں بھی جلوہ گر ہوں گی جس کی کاسٹ میں اُن کے ساتھ رنبیر کپور اور وکی کوشال بھی شامل ہوں گے۔
صرف یہ ہی نہیں، عالیہ بھٹ ہدایتکار وسان بالا کی فلم ’جگر‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں