نقصان دہ صنعتوں کی اجازت ’’لوگوں کو مارنے کا لائسنسـ‘‘ 62

نقصان دہ صنعتوں کی اجازت ’’لوگوں کو مارنے کا لائسنسـ‘‘

حکومت ادھمپور میں کیمیکل فیکٹریوں سے زرعی زمین کو برباد کرنے کی اجازت دینے کی مرتکب: ڈاکٹر کمال

سرینگر/12مئی/این این این// دھپور پور شہر کے آس پاس کے صنعتی علاقے کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے جموںوکشمیر نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت نے آس پاس میں کیمیکل اور سیمنٹ فیکٹریوں کو اجازت دے کر اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے جس کے نتیجے میں زرعی زمین تباہ ہو رہی ہے کیونکہ خطرناک فضلہ بغیر کسی رکاوٹ کے باہر نکالا جارہاہے۔ندا نیوز نیٹ ورک کے مطابق ڈاکٹر کمال نے ان باتوں کا اظہار صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی ہدایت پر ادھمپور شہر کے دورے کے دوران مقامی لوگوں کیساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ مذکورہ مسئلہ کے اثرات کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے ڈاکٹر کمال کو حکومت کے اس اقدام سے آگاہ کیا جس میں کیڑے مار ادویات اور سیمنٹ فیکٹریوں کو اجازت دی گئی ہے جن کے خطرناک کیمیائی فضلہ کو آس پاس کی زرعی زمینوں میں پھینکنے کی اجازت دی جارہی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ حکومت اس غیر معقول فیصلے کے برے اثرات کے بارے میں سب کچھ جاننے کے باوجود ضلع میں ایسی تباہی کی اجازت دینے پر بضد ہے اور یہ بات اُس وقت واضح ہوگئی جب ضلعی انتظامیہ کے ساتھ معاملہ اٹھانے کے باوجود کچھ بھی ٹھوس سامنے نہیں آیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بڑا سوال یہ ہے کہ حکومت نے رہائشی علاقوں اور اس کے آس پاس خطرناک صنعتیں لگانے کا یہ عوام دشمن فیصلہ کیوں لیا؟ڈاکٹر کمال نے اس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سارے پہلو کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ حکومت نے صنعت کی اجازت نہیں دی ہے بلکہ اس نے صنعت کاروں کو لوگوں کو مارنے کا لائسنس دیا ہے کیونکہ دنیا میں ایسی خطرناک صنعتوں کو ایسی جگہوں کے قریب اجازت نہیں دی جاتی جہاں زمین زراعت کے لئے استعمال ہوتی ہے یا لوگ آس پاس رہتے ہیں۔ڈاکٹر کمال نے کہا کہ یہ بالکل ناقابل قبول صورتحال ہے اور وہ انتظامیہ کے متعلقہ حکام سے اس معاملے کو اُٹھائیں گے اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے زرعی اراضی اور لوگوں کو صنعت کے مضر اثرات سے بچانے کے معاملے کو اُجاگر کرنے کی کوشش کریں گے۔کمال نے کہا کہ پہلے تو حکومت کو اتنی بڑی غلطی کی اجازت نہیں دینی چاہیے تھی کیونکہ لوگوں کی صحت سب سے اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کی بھی تحقیقات کی ضرورت ہے کہ حکومت کو رہائشی علاقوں کے قریب ایسے خطرناک صنعتی یونٹوں کی اجازت دینے کے لئے کس چیز نے مجبور کیا کیونکہ عام حالات میں حکومت میں سے کسی نے بھی ایسا فیصلہ نہیں کیا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں