44

گلمرگ اور سیاحتی مرکز پہلگام میں شبانہ برفباری کے بیچ بیشتر علاقوں میں ہلکی بارشیں

 9 فروری تک موسم کی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان / محکمہ موسمیات
سرینگر /07فروری / شہر آفاق گلمرگ اور سیاحتی مرکز پہلگام میںشبانہ برفباری کے بیچ وادی کے بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں سے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں جموں کشمیر میں اثر اندوز ہو رہی ہے جن میں ایک کا اثر آئندہ 24گھنٹوں تک رہے گا اور جموں وکشمیر میں 9 فروری تک موسم کی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ہے۔ سی این آئی کے مطابق بادشاہ چلہ کلان کے اختتام کے بعد چلہ خورد میں موسمی صورتحال مسلسل خراب بنی ہوئی ہے ۔ وادی کشمیر کے کئی علاقوں میں ایک مرتبہ پھرہلکی برفباری اور بارشیں ریکارڈ کی گئی ۔ شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دوسرے علاقے میں صبح سے ہی ہلکی بارشوں کے بیچ موسم ابر آلود ہوا جبکہ شہر آفاق گلمرگ اور پہلگام میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ ادھر چلہ خورد کی شروعات کے ساتھ ہی شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہونے سے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردی سے قدرے راحت نصیب ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے0.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5.5 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی7.5 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4.5 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 6.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں منفی12.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس جو سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین علاقہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.9 ڈگری سینٹی گریڈ رریکارڈ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں وقفے وقفے سے برف و باراں کا سلسلہ جاری ہے اور وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب 5.5 سینٹی میٹر اور 4.5 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے۔ادھر متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق جموں وکشمیر میں 9 فروری تک موسم کی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں