برفباری اور بارشوں کے بعد موسم میں بہتری لیکن سردیوں کا زور بدستور جاری 49

برفباری اور بارشوں کے بعد موسم میں بہتری لیکن سردیوں کا زور بدستور جاری

کم روشنی کے نتیجے میں فضائی رابطہ دوسرے روز بھی متاثر ، سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال
سرینگر/06جنوری/پیر پنچال کے آر پار دو دونوں تک ہوئی برفباری اور بارشوں کے بعد جمعرات کی صبح موسمی صورتحال میں بہتری آئی تاہم زمینی و فضائی رابطہ متاثر رہنے کے بعد شام دیر گئے سرینگر جموں شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا ہے ۔ ادھر موسم میں بہتری کے بیچ محکمہ موسمیات نے 7اور 8جنوری کو برفباری کے ایک اور مرحلے کی پیشگوئی کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق پیر پنچال کے آر پار مسلسل دو روز تک خراب موسمی صورتحال کے بعد جمعرات کی صبح سے بارشوں اوربرفباری کا سلسلہ تھم گیا۔ اگرچہ دن بھر بیشتر اوقات موسم ابر آلود رہا اور ٹھنڈی ہوائیںجاری رہی تاہم کہیں سے بھی بارشوںیا برفباری کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ موسم میں بہتری کے ساتھ ہی اہلیان وادی نے راحت کی سانس لی ہے ۔ شہر سرینگر کے علاوہ وادی کے دیگر قصبہ جات میں دن بھر دھوپ کھلنے کے نتیجے میں معمولات زندگی بحال ہوگئی اور لوگوںنے اپنے کاموں کی طرف پھر دھیان دینا شروع کیا ۔ اس دورن محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ دو دنوں کے دوران قریب تین فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں گذشتہ دو دنوں کے دوران قریب ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت منفی0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں قریب آٹھ انچ تازہ برف جمع ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔اسی طرح سے لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں بھی کم سے کم درجہ حرارت منفی7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے وادی میں 7 اور 8 جنوری کو بھاری برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے نے ان علاقے کے لوگوں جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات لاحق رہتے ہیں سے لوگوں سے ایک بار پھر گھروں سے باہر نکلنے سے پرہیز کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے لوگوں سے تاکید کی ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوئزری پر من و عن عمل کریں اور اپنے کمروں میں مناسب وینٹی لیشن کا انتظام رکھیں۔ادھر وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر جموں شاہراہ، سرینگر لیہہ شاہراہ اور تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہے۔جبکہ سرینگر ہوائی اڈے پر جمعرات کو بھی کم روشنی کی وجہ سے پروازوں کو موخر کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں