دو دیگر افراد کی بازیابی کیلئے آپریشن 12ویں روز میں داخل
سرینگر /26اپریل // سرینگر کے گنڈ بل بٹورہ علاقے میں پیش آئے المناک سانحہ کے 11روز بعد تین لاپتہ افراد میں سے ایک کمسن بچے کی نعش زیرو برج سرینگر سے بر آمد کر لی گئی ۔ ادھر مزید دو لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے ۔ سی این آئی کے مطابق سرینگر کے گنڈابل علاقے میں 11 دن قبل دریائے جہلم میں کشتی الٹنے کے بعد ڈوبنے والے ایک کمسن بچے کی لاش راجباغ کے قریب جمعہ کی دوپہر دریا جہلم سے بر آمد ہوئی ۔ حکام نے بتایا کہ کمسن بچے کی لاش سرینگر کے راج باغ علاقے کے قریب اولڈ زیرو برج کے قریب سے برآمد ہوئی ہے۔خیال رہے کہ 16 اپریل کو گنڈبل علاقے کے قریب ایک کشتی الٹنے سے چھ افراد کی موت ہو گئی تھی، جب کہ تین لاپتہ ہو گئے تھے۔حکام نے بتایا کہ لاش کو طبی قانونی کارروائیوں کیلئے ایس ایم ایچ ایس سری نگر منتقل کر دیا گیا جس کے بعد آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کر دی گئی ۔ ادھر مزید دو افراد کی نعشیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے آپریشن 12ویں روز بھی جار ی رہا ۔