بارہمولہ میں حسینی مشاعرہ
سرینگر/ندائے کشمیر// شافیہ گلفام/
محرم الحرام کے پیش نظر امام عالی مقام علیہ السّلام کو خراج عقیدت ادا کرنے کی غرض سے وادی میں حسینی مشاعروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران ادبی مرکز کمراز جموں وکشمیر کی سرپرستی میں تحریک ادب کشمیر قاضی آباد نے بارہمولہ کی گلنار پارک میں ایک شاندار حسینی مشاعرے کا اہتمام کیا۔ مشاعرے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت دارالعلوم المصطفوی کے طالب علم فرزند ارجمند نظیر تبسم محمد احمد کو حاصل ہوئی جبکہ نظیر طالب نے نعت رسول مقبولﷺ پیش کیا۔ایوان صدارت میں خالق پرویز کے ساتھ مجروح کشمیری، نظیر طالب، حبیب اللہ کمار المعروف حبہ کرال، اور تحریک ادب کشمیر کے صدر نظیر الحسن تبسم بھی موجود رہے۔آغاز میں ڈاکٹر فیض قاضی آبادی نے ابتدائی کلمات پیش کئے۔مشاعرے میں جن شعراء نے اپنا نذرانہ عقیدت بحضور امام عالی مقام علیہ السّلام پیش کیا ان میں خالق پرویز، نثار اعظم، مجروح کشمیری، نظیر طالب، عادل کشمیری، حبیب اللہ کمار، اطہر بشیر، ڈاکٹر فیض قاضی آبادی، نظیر الحسن تبسم، عبدالرحمٰن عبید، اور شوکت حبیب قابل ذکر ہیں۔مشاعرے کی آخری نشت نظیر الحسن تبسم کے دولت خانہ واقع گلشن آباد بارہمولہ میں منعقد ہوئی جہاں پر دعوت عشائیہ کے بعد حبیب اللہ کمار المعروف حبہ کرال کتاب کے جدید تصنیف کی رسم رونمائی بھی انجام دی گئی اور اس کے ساتھ ہی یہ بابرکت محفل اختتام پذیر ہوئی۔ متین بن عبید اور میر رضوان نے اس پررونق محفل کی عکس بندی کی جبکہ محفل کی نظامت کے فرائض عبدالرحمٰن عبید نے انجام دئے۔