وردی و کتابوں کے لیے مخصوص دوکانیں منتخب، ایل جی انتظامیہ سے مداخلت کا مطالبہ
ندائے کشمیر/ماجد چوہدری پونچھ/
29 اپریل 2024/ مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں نجی اداروں میں چل رہی من مانیوں اور بچوں کے لواحقین کو کتابیں اور وردی صرف مخصوص دوکانوں پر ہی خریدنے و اسکی اضافی قیمتیں وصول کئے جانے پر مجبور کرنے کو لیکر عوام نے اپنی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایل جی انتظامیہ، ضلع انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے اعلی عہدیداران سے اس مسئلہ پر سنجیدگی سے نوٹس لینے اور ایسی من مانیاں کرنے والے اداروں کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ لواحقین کو کچھ راحت مل سکے۔اس ضمن میں بات کرتے ہوۓ مختلف سماجی کارکنان نے بتایا ہیکہ انہیں بھی اس ضمن میں خبریں موصول ہوئی ہیں جن کی وہ سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور انہوں نے اس ضمن میں سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوۓ لیفٹیننٹ گونر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہیکہ وہ سرحدی ضلع پونچھ میں نجی اسکولوں کی من مانیوں پر قدغن لگانے کے لیے ضلع انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کریں اور نجی اسکولوں کی من مانیوں پر کاروائی کر لوگوں کو راحت دیں۔