کوکرناگ میں بزم ادب کی جانب سے ادبی تقریب کا انعقاد 0

کوکرناگ میں بزم ادب کی جانب سے ادبی تقریب کا انعقاد

تقریب کے دوران 4 کتابوں کی رسم رونمائی انجام دی گئی

پلوامہ/ تنہا ایاز/

معروف ادبی تنظیم مراز ادبی سنگم کی سرپرستی میں بزم ادب برنگ کوکرناگ کی طرف سے ایک ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت شریف سے ہوا۔ تقریب میں ردا مدثر نے تنظیمی معاملات پر مختصر روشنی ڈالی اور منظور خالد نے تنظیم سے وابستہ اور علاقے کے کئی معتبر شعراء کو یاد کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کی صدارت یوسف جہانگیر نے کی جبکہ اظہار مبشر، رشید صدیقی اور منظور خالد بھی ایوان صدارت میں شامل تھے۔
تقریب میں مراز ادبی سنگم کے جنرل سیکریٹری اظہار مبشر نے کہا کہ ادبی لحاظ سے علاقہ برنگی بہت ہی زرخیز ہے اور بزم ادب برنگ کی طرف سے منعقد کی گئی اس تقریب کی بدولت کئی بہترین نوجوان قلمکار دریافت ہوئے ۔جس کیلئے منعقدین مبارک کے مستحق ہیں۔ مراز ادبی سنگم کے سابقہ صدر یوسف جہانگیر نے اپنے صدارتی خطبے میں اس شاندار تقریب کے حوالے سے کہا کہ ایسی تقاریب کا انعقاد کرنا دور حاضر میں بہت ہی مشکل ہے مگر یہ وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تنظیم کے منتظمین کو علاقے کے دوسرے گمنام قلمکاروں کو دریافت کرنے کی سعی کرنی چاہیے۔
تقریب میں بزم ادب برنگ کے کنوینر عبد السلام کوثر نے بستر علالت پر ہی فون پر منتظمین کا تقریب منعقد کرنے اور مہمانوں کو اس میں شمولیت کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں عبدالسلام کوثر کے شعری مجموعہ “صدائے کوثر” اور نثری مجموعہ “ہدیہ کوثر” کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ اس کے علاوہ ماسٹر غلام نبی زاگو شاہین کی تحریر کردہ منظوم قصہ ” حضرت ابراہیم” اور مولانا روم کے داستان “پیر چنگی” کے کشمیری ترجمہ کی رسم رونمائی بھی انجام دی گئی۔
تقریب میں ایک شاندار مشاعرے کا بھی انعقاد کیا گیا۔جس میں میں معراج الدین بٹ، اطہر رشید، عبدالقدوس لون حیران، آغا عیاش، محمد رمضان میر، یحیی توصیف، منظور منظر، محمد نعیم خان، تنہا طارق، راجامظفر، ریاض انزنو، ناصر منور، رشید صدیقی، اظہار مبشر، منظور خالد، شیخ عبید گل، ساگر سلام، محمد حنیف، منظم منظور شاذ، منتظر یاسر، میر روشن خیال، پرویزگلشن اعظم فاروق، یوسف جہانگیر اور ردا نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض ردا مدثر نے انجام دئے جبکہ منظور خالد نے مہمانوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں