عوام پریشان حال، پہلے کی طرح متعلقہ تھانوں سے جاری کرنے کا مطالبہ۔
ندائے کشمیر /ماجد چوہدری
پونچھ/17جون/حکومت کی طرف سے نومولود بچوں اور دیگران کی تاریخ پیدائش اور مرنے والوں کی تاریخ وفات کی اسناد کی وصولیابی کیلئے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں، جس سے عوام میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت کی طرف سے بلاک ترقیاتی افسران اور میونسپل کونسلوں کو پیدائش اور وفات کی اسناد جاری کرنے کیلئے اختیارات دیئے ہیں وہ عام لوگوں کے لیے بہت بڑی مصیبت بن گئے ہیں جس سے کئی عرصہ تک دفاتر کے چکر لگانے کے بعد انہیں یہ اسناد دستیاب ہوتی ہیں جبکہ پہلے جوڈیشل مجسٹریٹ سے احکامات صادر کرنے کے بعد تھانے سے آسانی سے بن جاتی تھی۔ حکومت نے کہا تھا کہ ہم اس نظام کو آسان بنانے جارہے ہیں جبکہ عوام نے اس کو پہلے سے زیادہ مشکل بتایا۔
اس ضمن میں سماجی کارکنان و سیاسی لیڈران بشمول جاوید ریشی، عبدالرشید شاہ پوری، اقبال کھانڈے، محمد رشید کھٹانہ، شبیر چوہدری اور دیگران نے اس فیصلہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس فیصلہ کو واپس لے کر واپس پہلے کی طرح پولیس کو یہ اختیارات دیئے جائیں تاکہ عوام متعلقہ تھانوں ہی پیدائش اور اموات کی اسناد حاصل کر پائیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ عام لوگوں کیلئے آسان اور کم خرچے پر دستیاب ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ غریب لوگوں کو یہ بھی جانکاری نہیں ہے کہ وہ کیسے اور کس کس کے پاس جائیں اور اپنے بچوں کی پیدائشی اسناد اور موت کی اسناد بنوائیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پولیس سے یہ اسناد آسانی کے ساتھ دستیاب ہو سکتے ہیں، جس کیلئے حکومت کو چاہیے کہ وہ پولیس کو مکمل اختیارات دیں کہ وہ متعلقہ تھانوں سے ہی ان اسناد کو جاری کریں تاکہ غریب لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

