پونچھ بازار کا فوڈ سیفٹی، میونسپلٹی، فوڈ سپلائی و لیگل میٹرولوجی محکموں نے کیا معائنہ 104

پونچھ بازار کا فوڈ سیفٹی، میونسپلٹی، فوڈ سپلائی و لیگل میٹرولوجی محکموں نے کیا معائنہ

اشیاء کے معیار و قیمتوں کے اعتدال کا جائزہ لیا، خلاف ورزی کرنے والوں کوکیاچالان

پونچھ// ندائے کشمیر/ماجد چوہدری

مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی کے شہرِ خاص میں رمضان المبارک و نوراتروں کے پیشِ نظر اشیاء کے معیار و قیمتوں کے اعتدال کی جانچ پڑتال کرنے کے لیے لیے ڈپٹی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر محکمہ فوڈ سیفٹی کے اسسٹنٹ کمشنر طارق محمود ، محکمہ خوراک و رسادات، امورِ صارفین و عوامی تقسیم کاری کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رنجیت سنگھ چب و تحصیل سپلائی آفیسر منموہن سوری، محکمہ میونسپلٹی کے انسپکٹر امرپال سنگھ، محکمہ لیگل میٹرولوجی کے افسران نے باہمی اشتراک سے بازار کا معائنہ کیا اور مقررہ قیمتوں سے زائد پر اشیاء فروخت کرنے والے، سڑی گلی سبزیاں فروخت کرنے والے، و دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے کاٹے چالان ۔
بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی کمشنر طارق محمود و اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ خوراک و رسادات، امورِ صارفین و عوامی تقسیم کاری رنجیت سنگھ چب نے بتایا کہ وہ لگاتار مارکیٹ چیکنگ کرتے ہیں اور رمضان المبارک و نوراتروں میں خاص مہم کے تحت اس ہفتے میں یہ دوسری مارکیٹ چیکنگ چل رہی ہے اور لگاتار عید تک جاری رہے گی ۔
انہوں نے بتایا کہ خلاف ورزی کرنے والے دوکانداروں کے چالان کاٹے گئے ہیں لیکن پہلی چیکنگ میں جن دوکانداروں کو مقررہ قیمتوں سے زائد پر اشیاء فروخت کرتے ہوئے پایا گیا تھا اور غیر معیاری و زائد از معیاد اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی تھی جس کے بعد آج بہت سدھار دیکھنے کو ملا ہے اور امید ہیکہ دوکاندار حضرات مستقبل میں اس میں اور زیادہ بہتری لاکر شکایات کی گنجائش نہیں رکھیں گے۔
انہوں نے دوکانداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ قیمتوں کے اعتدال و معیار کا خاص خیال رکھیں ورنہ مستقبل میں سخت سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور بھاری بھرکم جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں