66

امن عمل پٹری سے اتارنے کی اجازت نہیں دیں گے

ملی ٹنٹ کی تلاش جاری ، ولیج ڈیفنس گروپس کو خودکار ہتھیار ملیں گے/ امیت شاہ

سرینگر /10جنوری /جموں کشمیر میں امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا کا اعلان کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ راجوری اور پونچھ کے سرحدی اضلاع میں ملی ٹنسی کو ہوا دینے کی سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اور انٹیلی جنس گرڈ کو مضبوط کیا جائے گاجبکہ حساس علاقوں میں اضافی دستے تعینات کیے جائیں گے اور ہر چیلنج کا مقابلہ کیا جائے گا۔سی این آئی کے مطابق سوموار کی شام دیر گئے نئی دہلی میں اپنے دفتر میں جموں و کشمیر کے سینئر بی جے پی لیڈروں اور پارٹی رہنمائوں کے ساتھ طویل میٹنگ میں وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں امن کو خراب کرنے کی خواہش رکھنے والی طاقتوں کی طرف سے دئے گئے ہر چیلنج کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کر دیا کہ امن عمل کو پٹری سے اتارنے کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ کسی کو بھی جموں خطہ کے دیگر حصوں کے علاوہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ راجوری حملے میں ملوث ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا ۔ ساتھ ہی اعلان کیا کہ سیکورٹی ایجنسیاں ملی ٹنٹ حملوں کے ذمہ دار عسکریت پسندوں کو بھی تلاش کریں گی۔امیت شاہ نے مزید اعلان کیا کہ ولیج ڈیفنس گروپس کو خودکار ہتھیار ملیں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ سیکورٹی اور انٹیلی جنس دونوں گرڈز کو مضبوط کیا جائے گا اور جڑواں سرحدی اضلاع کے حساس علاقوں میں مزید اضافی دستے تعینات کیے جائیں گے۔وزیر داخلہ نے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے بی جے پی لیڈروں کو بتایا کہ جموں و کشمیر خصوصاً راجوری اور پونچھ اضلاع میں سیکورٹی کی صورتحال کی مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ادھر بی جے پی لیڈروں نے وزیر اعظم کے پیکیج کے تحت کام کرنے والے کشمیری پنڈت ملازمین اور وادی میں تعینات ریزروڈ زمرے ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کے پی اور ریزروزمرے کے عملے کی تنخواہیں جاری کی جائیں گی اور ان کے دیگر مسائل پر بات کی جائے گی۔بی جے پی لیڈروں نے یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں، رہبر خیل، رہبر جنگلات، این وائی سی، ہوم گارڈز، آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز، سی آئی سی آپریٹرز وغیرہ کے مسائل بھی امت شاہ کے ساتھ اٹھائے۔ انہوں نے شاہ کو ان احتجاجی عملے کے مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جس میں یو ٹی کے سربراہ رویندر رینا کے ذریعہ قائم کردہ بی جے پی کمیٹیوں کی رپورٹس بھی شامل ہیں۔شاہ نے بی جے پی لیڈروں سے کہا کہ وہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا سے ملاقات کریں اور انہیں احتجاجی عملے کے مسائل سے آگاہ کریں اور انہیں بی جے پی کمیٹیوں کے ذریعہ تیار کردہ رپورٹس پیش کریں۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ ان تمام مسائل کی پیروی کی جائے گی اور جو بھی ممکن ہوا وہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں