46

سڑکوں، عمارتوں اور پلوں سمیت مختلف تعمیراتی کاموں پر تیسری آنکھ کی نظر

جانچ پڑتال ومعیارکی نگرانی کیلئے نوڈل ایجنسی مقرر
سری نگر:۱۱، فروری// جموں و کشمیر حکومت نے محکمہ تعمیرات عامہ کے ذریعہ انجام دئے گئے ترقیاتی کاموں کے آڈٹ(حساب کی جانچ پڑتال) کیلئے تیسری پارٹی کی خدمات حاصل کرنے کافیصلہ لیاہے ۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق ایک میڈیارپورٹ میںایک سرکاری دستاویز کاحوالہ دیتے ہوئے لکھاگیا ہے کہ کوالٹی کنٹرول میکانزم کو لاگو کرنے کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف ڈیزائن، کوالٹی کنٹرول اور انسپکشن کوحکومت نے بطور نوڈل ایجنسی مقرر کیا ہے۔مذکورہ نوڈل ایجنسی سے کہا گیا ہے کہ وہ سڑکوں، عمارتوں اور پلوں سمیت مختلف شعبوں میں مشیروں یا معیاری نگراں کو آڈٹ(حساب کی جانچ پڑتال) کیلئے شامل کرے۔ سرکاری دستاویز میں کہا گیا ہے کہ کنسلٹنٹ یامشیر کو 65 سال سے کم عمر کا ریٹائرڈ سول انجینئر ہونا چاہیے جو ترقیاتی منصوبوں کی معیار کے لحاظ سے نگرانی کرے گا۔دستاویز میں کہا گیا کہ ایک کنسلٹنٹ کا کردار ایک ممتحن کے مقابلے میں ایک استاد کا زیادہ ہونا ہے جس میں معیاری کوڈ کی ضروریات کے مطابق آزاد معیار کے ٹیسٹ کروانا اور اس بات کی تصدیق کرنا شامل ہے کہ کوالٹی مینجمنٹ سسٹم اپنے مطلوبہ مقاصد کو حاصل کر رہا ہے۔ سرکاری دستاویز میں کہا گیا ہے کہ نوڈل ایجنسی معیاری عملیاتی طریقہ کار (SOP) کے مطابق کام کے معیار کی نگرانی کے لئے مختلف سائٹس پر مشیروں کو تعینات کرے گی۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ مشیروں یا معیاری نگراں کو ضلعی سطح پر تعینات کیا جائے گا اور وہ مکمل جانچ کے آلات سے لیس ہوں گے۔سرکاری دستاویز میں کہا گیاکہ مشیروں یا معیاری نگراں محکمے میں کام کرنے کا ایک نظامی اور سائنسی ماحول بنانے میں بھی مدد کریں گے، اس کے علاوہ سسٹم میں موجود خامیوں کی نشاندہی کریں گے اور ان کی اصلاح کے لئے محکمے کو اپنی رائے دیں گے۔دستاویز کے مطابق، مشیروں کے ذریعے معائنہ کے کئی مراحل ہوں گے اور تمام ایگزیکٹو انجینئرس اور اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرس کام کی پیشرفت کے دوران شیڈول کے مطابق کام کا معائنہ کروانے کے ذمہ دار ہوں گے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ انتظامیہ نے سڑکوں اور عمارتوں کے محکمے کے ذریعے چلائے جانے والے منصوبوں کے آڈٹ کے لیے2درجے کے کوالٹی کنٹرول میکانزم کی منظوری دے دی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ آر اینڈ بی کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ کوالٹی کنٹرول کے سخت طریقہ کار کو لاگو کیا جائے گا۔یہ پہلی بار ہوا ہے کہ انتظامیہ نے کاموں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے مشیروں یامعیاری نگراں کی تقرری کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بنیادی طور پر ترقیاتی کاموں کے معیار کی جانچ ہے اور مشیروں یامعیاری نگراں کی تقرری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں