سوشل میڈیا کی مددسے نوجوانوں کوملی ٹنٹ سرگرمیوں میں شامل کرنے کی کوشش 53

سوشل میڈیا کی مددسے نوجوانوں کوملی ٹنٹ سرگرمیوں میں شامل کرنے کی کوشش

بارہمولہ :۲۴،جنوری/بارہمولہ پولیس اورفوج نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران پٹن بارہمولہ کے رہنے والے 2نابالغوں سمیت5نوجوانوںکوملی ٹنٹ گروپوںمیں شامل ہونے سے روک لیا۔جے کے این ایس کے مطابق ایس ایس پی بارہمولہ ناگپوری امود اشوک نے فوج وسیول حکام کے ہمراہ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ پولیس اورفوج نے بروقت مشترکہ کارروائی کرکے ایسے 5نوجوانوں بشمول 2نابالغوںکوبچانے میں کامیابی پائی ،جن کوملی ٹنٹ سرگرمیوںمیں شامل ہونے کی ترغیب دی جارہی تھی ۔انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور انہیں دہشت گرد صفوں میں شامل ہونے کیلئے آمادہ کرنے کیلئے دہشت گردوں کی ایک بڑی سرگرمی کا پردہ فاش کرتے ہوئے، بارہمولہ پولیس نے فوج کی29 آر آر کے ساتھ مل کر 5 نوجوانوں کو دہشت گرد صفوں میں شامل ہونے سے بچانے میں کامیابی حاصل کی ہے جن میں 2 نابالغ بھی شامل ہیں۔ ایس ایس پی بارہمولہ ناگپوری امود اشوک کاکہناتھاکہ باوثوق ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات سے یہ پتہ چلا کہ کچھ نوجوانوں کو پاکستان کی دہشت گرد تنظیموں میں شامل ہونے کیلئے اُکسایاجارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے پہلے ان نوجوانوں کا سراغ لگایا اور اُن کے والدین کی مدد سے ان نوجوانوں سے مسلسل پوچھ تاچھ کی گئی۔ ایس ایس پی بارہمولہ ناگپوری امود اشوک کاکہناتھاکہ پوچھ تاچھ کے دوران ان کے انکشاف پر معلوم ہوا کہ یہ سبھی نوجوان دہشت گرد تنظیموں میں بھرتی ہونے کیلئے سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردوں کے ہینڈلرز سے رابطے میں تھے۔سینئر پولیس آفیسر نے نامہ نگاروںکوبتایاکہ دہشت گردی کی سرگرمیوںمیں شامل ہونے کیلئے ان لڑکوں کے ذہنوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے بنیاد پرست بنانے کی کوشش کی جارہی تھی۔ایس ایس پی بارہمولہ نے مزید کہاکہ دونوںنابالغوں سمیت سبھی5نوجوانوں کو ان کی نوعمری میں مناسب مشاورت کے بعد والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر پولیس اور فوج کشمیر کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور بنیاد پرست بنانے کے دشمن کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے اپنے عزم پر قائم ہیں۔ ایس ایس پی بارہمولہ ناگپوری امود اشوک نے کہاکہ والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں