112

وزیراعلیٰ نے انتظامی سیکرٹریوں کی میٹنگ کی صدارت کی

جموں// وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے انتظامی سیکرٹریوں کو انتظامیہ کو مزید فروغ دینے کے لئے حساس معاملوں کی جانب توجہ دینے کی ہدایت دی ہے تاکہ رقومات کی بروقت فراہمی اور پروجیکٹوں کی معیاد بند مدت کے اندر تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔جموں میں انتظامی سیکرٹریوں کی میٹنگ میں بولتے ہوئے وزیرا علیٰ نے مختلف اضلاع اور دور دراز علاقوں کا وقتاً فوقتاً دورہ کر کے وہاں ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کی ہدایت دی تاکہ پروجیکٹوں کی راہ میں حائل کسی بھی رکاوٹ کو دور کیا جاسکے ۔وزیر اعلیٰ ، جنہوںنے حالیہ دنوں عوامی رابطہ مہم کے تحت بیشتر اضلاع کا دورہ کیا ، نے معمولی وجوہا ت کی بنا پر پروجیکٹوں میں رکاوٹ آنے پر تشویش کا اظہار کیا۔اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست میں جاری مختلف پروجیکٹوں اور مختلف محکموںکی جانب سے کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کے تعلق سے وزیر اعلیٰ نے تمام انتظامی سیکرٹریوں کو ان پروجیکٹوں کی پیش رفت پر قریبی نگاہ رکھنے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ نے ریاست میں بجلی کی تقسیم کاری کے پروجیکٹوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ انہیں بتایاگیا کہ ریاست کے 8اضلاع میں بجلی کی تقسیم کاری کے پروجیکٹوں پر اگلے ہفتے کام شروع کیا جائے گا جبکہ باقی اضلاع کے لئے ٹینڈرنگ حتمی مرحلے میں ہے۔انہیں مزید بتایا گیاکہ آلسٹینگ گرڈ سٹیشن پر جاری کام کو اس برس کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیاکہ ان اقدامات سے ریاست میں بجلی کی تقسیم کاری میں بہتری آئے گی۔ وزیر اعلیٰ کو بتایاگیا کہ اُن 70دیہات میں بجلی پہنچانے کا کام مکمل کیا جاچکا ہے جہاں ابھی تک بجلی دستیاب نہیں تھی ۔انہیں بتایاگیا کہ اس کام کے لئے 31؍ مارچ کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی تھی تاہم یہ کام اس سے پہلے ہی پایۂ تکمیل کو پہنچایا گیا۔مختلف عوامی دربارموں میں وزیرا علیٰ کی جانب سے کی گئی یقین دہانیوں کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ ضروری ڈھانچہ کے قیام کے تعلق سے 90 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ باقی ماندہ کام اس ماہ کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔محبوبہ مفتی نے محکمہ سیاحت کو اپنی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی تاکہ آئندہ سیزن کے دوران زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو ریاست کی سیر کی جانب راغب کیا جاسکے ۔انہوں نے محکمہ کی جانب سے عملائے جارہے پروجیکٹوں کا بھی جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ کو بتایاگیا کہ رواں مہینے کے دوران ٹولپ فیسٹول اور ٹریول ایجنٹوں کے کنونشن کے انعقاد کا منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے اور مختلف مقامات پر قدیم سیاحتی اکائیوں کے فروغ کے لئے صلاح کاروں کی ایک پینل تشکیل دی گئی ہے۔باغبانی کے شعبے کے تعلق سے محبوبہ مفتی نے متعلقہ محکمہ کو سیب ہائی ڈنسٹی پودے حاصل کرنے کے لئے پیشگی منصوبہ تیار کرنے کے لئے کہا۔ انہوں نے کسانوں کو کھادیں اور جراثیم کش ادویات وافر مقدار میں دستیاب کرانے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ ریاست میں سیب اور اخروٹ کے پودوں کی سات نرسریاں قائم کی جارہی ہیں اور محکمہ کسانوں کو جدید سہولیات دستیاب کررہا ہے۔انہوں نے ریاست میں قائم کی جارہی 23منڈیوں پر جاری کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی تاکہ کسانوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات میسر ہوں ۔محبوبہ مفتی نے ریاست میں ماڈل ٹرائبل دیہات اور گرلز ہوسٹلوں کے کام کا بھی جائزہ لیا ۔ انہیں بتایاگیا کہ سکولی تعلیمی محکمہ کی جانب سے 64 گرلز ہوسٹلوں پر کام جاری ہے اور ان میں سے بیشتر کام اگلے سال مکمل ہوجائیں گے۔ اس کے علاوہ ریاست میں 19ماڈل ٹرائبل دیہات قائم کئے جارہے ہیں اور محکمہ اگلے مہینے کے آخر تک دو ریذیڈنشل سکولوں کو شروع کرے گا۔فائنانس شعبے کے تعلق سے وزیر اعلیٰ نے رواں مالی سال کے اختتامی ایام کو مد نظر رکھتے ہوئے اخراجات اور وسائل پر نگاہ رکھنے کی ہدایت دی ۔انہیں بتایا گیا کہ ریاست مرکز سے جی ایس ٹی سب ونشن کی اضافی قسط کی منتظر ہے اور اس کے علاوہ فنڈس کو لیپس ہونے سے بچانے کے لئے زیادہ سے زیادہ اخراجات او رالتو ا میں پڑی بلوں کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی اے او نظام کو کچھ وقت کے لئے التوا رکھا گیا ہے تاہم متعلقہ محکمہ کو چاہیئے کہ وہ اس سلسلے میں اپنے عملے کو ضروری تربیت فراہم کریں۔وزیر اعلیٰ نے مکانات و شہری ترقی محکمہ کو ریاست میں سمارٹ سٹی پروجیکٹوں کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔ وزیر اعلیٰ کو بتایاگیا کہ اس مقصد کے لئے درکا ر ضروری عملے کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور اس پروجیکٹ پر کام جاری ہے ۔وزیر اعلیٰ نے امرت پروجیکٹوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا ۔انہوں نے بس اڈوں ، ہسپتالوں ، دفاتر اور دیگر عوامی اہمیت کے حامل مقامات پر قائم غسل خانوں / بیت الخلائوں کی صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے احکامات دئیے۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی بی ویاس بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں