111

سوپورمیں میونسپل کونسل پراپرٹی کی الاٹمنٹ میں ہیراپھیری

سوپور// ’’سوپورمیں میونسپل کونسل پراپرٹی کی الاٹمنٹ میں ہیراپھیری ‘‘کے نتیجے میں مین چوک کے نزدیک تین خالی کمروں پرقبضہ جمانے کی کوشش کے تحت ایک شخص نے ازخودمرمت کاکام شروع کردیا۔میونسپل کونسل سوپورکے ایگزیکٹوآفیسرعبدالمتین نے ایک شخص کی جانب سے سرکاری پراپرٹی پرقبضہ جمانے کی کوشش کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیاکہ کونسل کی ٹیم نے فوری کارروائی عمل میں لاکرخالی پڑے تینوں کمروں کومقفل کردیا۔معلوم ہواکہ کاروباریاوعوامی سرگرمیوں کے اعتبارسے مصروف ترین رہنے والے شمالی قصبہ سوپورمیں مین چوک کے نزدیک واٹرٹینکی کے متصل میونسپل کونسل کی ایک عمارت موجودہے ،جس میں مقامی ٹریڈرس فیڈریشن نے ایک بڑاہال بغرض دفترباضابطہ کرایہ پرلے رکھاہے لیکن اس عمارت میں کونسل ذمہ داروں نے نامعلوم وجوہات کی بناء پرتین کمروں کوبغیرقفل کئے کھلارکھاتھا۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ ایک مقامی کاروباری شخص نے خالی پڑے ان کمروں کی مرمت کاکام یہ کہہ شروع کیاکہ سوپورمیونسپل کونسل نے یہ خالی کمرے اُسکوالاٹ کئے ہیں ۔تاہم مقامی لوگوں نے شبہ ظاہرکیاکہ من مانے طورسرکاری پراپرٹی پرقابض ہونے کے کوشاں مقامی شخص نے قواعداورضوابط کے تحت یہ کمرے حاصل نہیں کئے ہیں کیونکہ ان کمروں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے میونسپل کونسل کی جانب سے کسی بھی اخبارمیں کوئی نوٹس وغیرہ شائع نہیں کرائی گئی ۔مقامی لوگوں بشمول کچھ تاجروں نے نام مخفی رکھنے کی شرط پرمزیدبتایاکہ کونسل کے کچھ ملازمین کیساتھ سازبازکرکے اس شخص نے خالی کمروں پرقبضہ کیااوراب وہ کھلے عام ان کی مرمت کرارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ اگریہ کمرے باضابطہ طوربھی اس شخص کوالاٹ کئے گئے ہیں تب بھی کونسل کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی پراپرٹی کی حفاظت کویقینی بنانے کیلئے یہ دیکھے کہ کہیں یہ شخص مرمت کی آڑمیں اس پراپرٹی کی ہیت کوتبدیل تونہیں کررہاہے ۔مقامی لوگوں اورنام ظاہرنہ کرنے والے تاجروں کاکہناتھاکہ اسے پہلے بھی میونسپل کونسل سوپورکے عملہ کی جانب سے کونسل پراپرٹی کوکرایہ پردئیے جانے میں بے ضابطگیاں کی گئیں لیکن کسی نے اُن کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی ۔میونسپل کونسل سوپورکے ایگزیکٹوآفیسرعبدالمتین نے ایک شخص کی جانب سے سرکاری پراپرٹی پرقبضہ جمانے کی کوشش کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیاکہ کونسل کی ٹیم نے فوری کارروائی عمل میں لاکرخالی پڑے تینوں کمروں کومقفل کردیا۔مذکورہ ایگزیکٹوآفیسرنے کے این ایس کوفون پربتایاکہ کونسل کی پراپرٹی پرجبری قبضہ جمانے کی کوشش کے بارے میں اطلاع ملتے ہی انہوں نے کونسل کی ایک ٹیم کوجائے موقعہ پربھیج دیااوراس ٹیم نے خالی پڑے تینوں کمروں کومقفل کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں