112

وادی کشمیرمیں قیام امن کیلئے کوششیں جاری

سرینگر// مرکز کی جانب سے نامزد کئے گئے مذاکراتکار نے کہاکہ ریاست خاص کرو ادی کشمیر میں قیام امن کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کے مسائل اسی صورت میں حل ہوسکتے ہیں جب پوری طرح سے امن و امان کا قیام یقینی بنایا جائے۔ نمائندے کے مطابق مرکز کی جانب سے نامزد کئے گئے مذاکراتکار دنیشور شرما کاکہنا ہے کہ مزاحمتی قیادت کے ساتھ بات چیت کیلئے اُن کے دروازے کھلے ہیں۔ دنیشور شرما نے اس سلسلے میں بتایا کہ ریاست جموںوکشمیر میں امن و امان کے قیام کی خاطر کوششیں جارہی ہیں۔ شہری ہلاکتوں پر فوری رورک لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے دنیشور شرما نے کہاکہ امن و امان قائم کرنے کیلئے تمام اداروں کو آگے آنا چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کے مسائل اسی صورت میں حل ہوسکتے ہیں جب پوری طرح سے امن قائم ہو جائے ۔ نوجوانوں کو مین اسٹریم کی طرف راغب کرانے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے دنیشور شرما نے کہاکہ سرحد کے اُس پار ریاست کے خرمن امن کو تباہ کرنے کیلئے منصوبے بنائے جار ہے ہیں تاہم نوجوانوں کو اس سلسلے میں ہوشیار رہنا چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ بات چیت کے ذریعے ہی تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں تشدد تباہی کا پیشہ خیمہ ہوتاہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نہیں چاہتا ہے کہ ریاست میں امن و امان قائم ہو ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کو یہ بات ذہن نشین کرنی چاہئے کہ پاکستان اُن کا خیر خواہ نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کے زخموں پر مرہم کرنے کیلئے وہ مختلف علاقوں کا دورہ کررہے ہیں تاکہ مرکزی حکومت کو اس سلسلے میں آگاہ کیا جاسکے۔ علیحدگی پسند لیڈروں کے ساتھ بات کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں دنیشور شرما کا کہنا تھا کہ وہ تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سنگباری اور گولیوں سے مسائل حل نہیں ہوسکتے ہیں بلکہ اس کیلئے بات چیت کا راستہ ہی اختیار کرنا چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ مزاحمتی قیادت کو بھی کشمیر کے لوگوں کا دکھ سمجھنا چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں