117

پلس پولیو ٹیکہ کاری پروگرام کا دوسرا مرحلہ

سرینگر// وادی بھر میں آج پلس پولیو ٹیکہ کاری پروگرا م کے دوسرے مرحلے کے تحت 5سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو مخالف قطرے پلائے گئے۔پروگرام کی کامیابی کے لئے مختلف اضلاع میں جگہ جگہ پلس پولیو بوتھوں کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جہاں بری تعداد میں افرادی قوت ،بشمول ہیلتھ ورکروں،آشاورکروں اور آئی سی ڈی ایس کی ٹیموں کے علاوہ رضاکاروں نے اپنی خدمات انجام دیں۔
سرینگر
ضلع سرینگر میں ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے آج جواہر لعل نہر ومیموریل ہسپتال میں کئی نوزائد بچوں کو پولیو مخالف قطرے پلاکر ضلع میں دوسرے مرحلے کے تحت پلس پولیو مہم کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر سی ایم او سرینگر ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اورایمونائزیشن آفیسر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔اس دوران بتایا گیا کہ ضلع سرینگر میں187173بچوں کو پولیو مخالف پروگرام کے دائرے میں لایاجارہا ہے۔
ترقیاتی کمشنر نے بعد میں کئی علاقوں کا دورہ کرکے بچوں کو پولیو مخالف قطرے پلانے کے عمل کاجائزہ لیا۔
بڈگام
ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام محمد ہارون ملک نے آج چیف میڈیکل آفس بڈگام میں پلس پولیو پروگرام کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر بڈگام ڈاکٹر تحمینہ بخاری نے کہا کہ ضلع میں 103359بچوں کو مہم کے دائرے میں لایا جارہا ہے ۔پروگرام کے لئے 2429ورکروں پر مشتمل افرادی قوت کی خدمات حاصل کی گئیں۔
اننت ناگ
اننت ناگ میں پلس پولیو ٹیکہ کاری پروگرام کے سلسلے میں میٹرنٹی اینڈ چائیلڈ کیئر ہسپتال شیر باغ میں سب سے بری تقریب منعقد ہوئی جہاں ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک نے ایک نوزائد بچے کوقطرے پلاکر مہم کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے پلس پولیو ٹیکہ کاری پروگرام کی صد فیصد کامیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ضلع میں 137256بچوں کو پولیو مخالف قطرے پلائے گئے۔محکمہ نے اس مقصد کے لئے 2600ملازمین کی خدمات حاصل کیں۔
گاندربل
ضلع ہسپتال گاندربل میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر این اے بابا نے ضلع ہسپتال میں ایک نوزائد بچے کو پولیو مخالف قطرے پلاکر پولیو مخالف ٹیکہ کاری پروگرام کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر سی ایم او،ڈپٹی سی ایم او،میڈیکل سپر انٹنڈنٹ اوربی ایم او کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔سی ایم او نے بتایا کہ ضلع گاندربل میں 45780بچوں کو ٹیکہ کاری پروگرا م کے دائرے میں لایا جارہا ہے۔جس کے لئے ضلع کے مختلف علاقوں میں 323ہیلتھ ورکروں،340آئی سی ڈی ایس ورکروںِ258آشاورکروں،46سپر وائزروں اور19رضاکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔
شوپیان
ضلع شوپیان میں چیف میڈیکل آفیسر نے ضلع ہسپتال میں ایک بچے کو پولیو مخالف قطرے پلاکر مہم کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر محکمہ صحت کے کئی آفیسران بھی موجود تھے۔ضلع میں آج 5سا ل تک کی عمر کے 43371بچوںکو پولیو مخالف قطرے پلائے گئے۔اس مقصد کے لئے ضلع کے مختلف علاقوں میں 215بوتھ قائم کئے گئے تھے۔جب کہ موبائیل ٹیموں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔
پلوامہ
ضلع ترقیاتی کمشنر غلام محمد ڈار نے آج محکمہ صحت کے آفیسران کے ہمراہ اولڈہسپتال پلوامہ میں پولیو مخالف ٹیکہ کاری پروگرام کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر سی ایم او پلوامہ اور محکمہ صحت کے دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔ضلع مین 92064بچوں کو پلس پولیو ٹیکہ کاری مہم کے دائرے میں لایا گیا۔پروگرام کی صد فیصد کامیابی کے لئے ضلع کے مختلف علاقوح میں534آشاورکروں،573آنگن واڑی ورکروں،759ہیلتھ ورکروں اور95سپر وائزروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔
بارہمولہ
ضلع ہسپتال بارہمولہ میں صرف دوگھنٹے قبل پیدا ہوئے ایک نوزائد بچے کو پولیو مخالف قطرے پلاکر ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر ناصر احمد نقاش نے ضلع میں پلس پولیو ٹیکہ کاری پروگرا م کا افتتاح کیا ۔اس موقعہ پر چیف میڈیکل آفیسران بھی موجود تھے۔اس دوران بتایا گیا کہ ضلع میں 157326بچوں کو مہم کے دائرے میں لایا جارہا ہے جس کے لئے مختلف علاقوںمیں 870ویکسین بوتھ قائم کئے گئے ہیں جہاں 3313ممبران پر مشتمل ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے۔
کولگام
پلس پولیو مخالف ٹیکہ کاری پروگرام کے تحت ضلع کولگام میں ترقیاتی کمشنر طلعت پرویز نے ضلع ہسپتال میں ایک نوزائد بچے کو پولیو مخالف قطرے پلاکر مہم کا آغاز کیا۔سی ایم او،ڈپٹی سی ایم او،میڈیکل سپر انٹنڈنٹ اورنیم طبی عملے کے علاوہ دیگر آفیسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔سی ایم او نے بتایا کہ ضلع میں 88514بچوں کو پولیو مخالف قطرے پلائے گئے جس کے لئے 508ویکسین بوتھ قائم کئے گئے تھے۔
کپوارہ
ضلع کپوارہ میں آج پلس پولیو پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت125692بچوں کو پولیو مخالف قطرے پلائے گئے اس سلسلے میں ضلع کے مختلف علاقوں میں ویکسینیشن بوتھ قائم کئے گئے تھے۔محکمہ صحت نے ضلع کے دورافتادہ اورپچھڑے علاقوں میں بھی بچوںکو پولیو مخالف قطرے پلانے کے لئے اقدامات کئے ۔
بانڈی پورہ
بانڈی پورہ میں آج پلس پولیو ٹیکہ کاری پروگرام کے تحت 65000بچوں کو مہم کے دائرے میں لایا گیا۔ چیف میڈیکل آفیسر بانڈی پورہ نے ضلع ہسپتال میں ایک نوزائد بچے کو قطرے پلاکر مہم کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر ڈپٹی سی ایم او کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔سی ایم او نے بتایا کہ گریز سب ڈویژن میں بھی بچوں کو پولیو مخالف قطرے پلائے گئے ۔مہم میں 1300ملازمین بشمول 425آشاورکروں،489آنگن واڑی وکروں اور متعددرضاکاروں نے حصہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں