96

تمام اضلاع میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ سرگرمیاں عملائی گئیں

جموں// ڈیزاسٹر منیجمنٹ، امداد و باز آباد کاری کے وزیر جاوید مصطفی میرکی ہدایات پر ڈویژنل کمشنروں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں نے لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے جامع بیداری پروگراموں کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحا ل سے بہتر طور سے نمٹا جاسکے اور لوگوں کو تیار رکھا جاسکے ۔ڈائریکٹر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی عامر علی نے کہا ہے کہ ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کے حوالے سے پروگراموں کا انعقاد تمام اضلاع اور مختلف تحصیلوں میں منعقد کئے گئے ہیں جس میں ایس ڈی آر ایف کے ماہرین نے حصہ لیا ۔انہوں نے کہاکہ ہر ایک ضلع میں ضلع ترقیاتی کمشنروں نے 300رضاکاروں کی نشاندہی کی ہے اور انہیں ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی تربیت دی گئی ہے۔انہوںنے کہا کہ ان تربیت یافتہ نوجوانوں جن میں خواتین بھی شامل تھیں نے رضاکارانہ طور پر انتظامیہ کو ضرورت پڑنے پر اپنا تعاون دینے کی یقین دہانی کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ضلعوں نے وہاں دستیاب وسائل ، افرادی قوت اور مشینری کا خاکہ تیار کیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر انہیں بروئے کار لایا جاسکے ۔انہوںنے کہا کہ مختلف محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ وسائل کو یکجا کرکے انہیں ڈویژنل کمشنر یا متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے حاصل اختیار میں تیار رکھیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کے دوران ان کی خدمات کو استعمال میں لایا جاسکے ۔ڈائریکٹر نے کہا کہ ڈی ایم آر آر آر نے ہر ایک ضلع میں ایک لاکھ روپے مہیا کی ہے تاکہ ضلع سطح ماک سرگرمیاں عملائی جاسکیں۔انہوںنے مختلف کاموں کے لئے مختص رکھی گئی رقومات کا بھی خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیوں کی طرف سے رسل و رسائل کا سازو سامان بھی خرید ا جارہا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر رسل و رسائل کی سہولیت کو برقرار رکھا جاسکے ۔عامر علی نے مزید کہا کہ حکومت نے ڈیڑھ کروڑ روپے کی رقم ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر کو واگذار کی ہے تاکہ جدید قسم کے جیکٹ اور دیگر سامان خرید کر انہیں جھیل ڈل ، دریائے جہلم ،مانسبل اور دیگر آبی پناہ گاہوں میں کام کر رہے شکارہ والوں میں تقسیم کیاجاسکے ۔انہوںنے کہا کہ تمام شکارہ والوں پر لازمی ہے کہ وہ لائف جیکٹس اور دیگر بچائو سازو سامان ساتھ رکھیں تاکہ کسی بھی امکانی ناخوشگوار صورتحال کے دوران مسافروں اور سیاحوں کی مدد کی جاسکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں