سرکردہ شاعروں کے ساتھ ساتھ نوجوان شعراء نے کی شرکت
بارہمولہ////۱۲؍اکتوبر ۲۰۲۱ء//جمیل انصاری/ ریڈیو لسنرس ایسوسی ایشن کے اہتمام سے آن لائن حُسینی مُشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔مشاعرے میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے شعراء کرام نے حضرت نے امام عالی مقام علیہ السلام کے تئیں اپنا خراج پیش کیا۔ مجلس کا آغازتلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ جسکی سعادت حافظ سمیر احمد کو حاصل ہوئی جبکہ شافعیہ گُلفام نے نعتِ محمدؐ پیش کیا۔نعتِ محمدؐ کے فوراًبعد ریڈیو لسنرس ایسوسی ایشن کے بانی ممبر اور پروگرام کاڈی نیٹر جمیل انصاری نے سامعین اور مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا۔ حُسینی مشاعرے کی صدارت معروف براڈکاسٹر، قلم کار اور سابق سربراہ آل انڈیا ریڈیو بشیر عارف نے کی۔اپنے مختصر صدارتی خطبے میں جناب بشیر عارف نے ادبی محفلیں آراستہ کرنے پر ایسوسی ایشن کے زعماء کو مبارکباد پیش کی ۔ آن لائن حُسینی مشاعرے میں سرکردہ شعراء کے ساتھ ساتھ جن نوجوان شعراء نے امام عالی مقام حضرت امام حُسین اور اُن کے رُفقاء کو خراج پیش ادا کیا اُن میں بشیر عارف، محمدفیاض تلگامی، سیدعباس جوہر، سیدعابد گوہر،ساگر نظیر، ریاض ربانی، آفاق دلنوی، ظفر عباس، ارشاد ماگامی، غلام علی پمپوش، سابق علی سابق اور فاضل محمودقابلِ ذکر ہیں۔ مشاعرے کی نظامت کے فرائض ایسوسی ایشن کے سینئر ممبر اور معروف اداکار گلفام بارجی نے انجام دئے۔ ایسوسی ایشن کے ایڈمن جبکہ ساحل ڈارنے گرافکس اور تکنیکی معاونت بہم رکھی اور ایوسی ایشن کے بانی ممبر شاہ طارق نے مہمانوں کا نام بہ نام شکریہ ادا کیا۔
