61

اروناچل پردیش کے سرحدی علاقے میں چینی فوج کی دراندازی

بھارت فوج نے چین کے متعدد فوجیوں کو گرفتار کرلیا ، بعد میں چھوڑ دیا
سرینگر/08اکتوبر/چینی فوج نے اروناچل پردیش میں توانگ علاقے میںگھس کر ہندوستانی سرحد پر بنائے گئے خالی بنکروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس دوران متعدد چینی فوجیوں کو بھارتی فوج نے گرفتار کرلیا جن کو بعد میں چھوڑ دیا گیا ۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ دونوں فوجیوں کے مقامی کمانڈروں کے مابین ہوئی بات چیت کے بعد دونوں جانب کی فوج واپس اپنے علاقوں میں چلی گئی ۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق اروناچل پردیش کے توانگ نامی سرحدی علاقے میں گزشتہ روز قریب 200چینی فوجی گھس آئے جنہوںنے وہاںپر عارضی بینکروں کو مسمار کیا ۔ اس دوران وہاں موجود بھارتی فوج نے چینی فوج کو گھیر کر ان کو حراست میں لیا ۔ موصول ہونے والی معلومات کے مطابق چینی فوجیوں نے اروناچل پردیش میں توانگ میں گھس کر ہندستانی سرحد پر بنائے گئے خالی بنکروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی۔ خبر ہے کہ چین کے 200 کے قریب فوجی ہندوستانی سرحد کے اندر داخل ہوئے تھے جسے ہندستانی فوجیوں نے بھگا دیا۔معلومات کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ ہفتے بم لا اور یانگ تسے بارڈر پاس کے درمیان لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) کے قریب پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق لائن آف ایکچول کنٹرول پر چینی فوجیوں نے سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کی ہندستانی فوجیوں نے سخت مخالفت کی اور کچھ چینی فوجیوں کو عارضی طور پر حراست میں لے لیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے کام کو بتایا کہ چینی فوجیوں کی حراست کی خبر سامنے آنے کے بعد مقامی فوجی کمانڈر سطح کے مذاکرات ہوئے اور بعد میں چینی فوجیوں کو رہا کر دیا گیا۔ فوج کی جانب سے اس پورے واقعے پر ابھی تک کوئی سرکاری تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم ، دفاعی اور سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہندستانی سکیورٹی فورسز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔بتادیں کہ ہندستان۔ چین سرحد کو رسمی طور پر سرحد میں تقسیم نہیں کیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سرحد کے حوالے سے تنازعہ ہے۔ تاہم دونوں ممالک کی سرحدوں پر امن قائم رکھنے کے لیے کئی معاہدے کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں فریق اپنی سرحدوں کو مدنظر رکھتے ہوئے گشت کرتے رہتے ہیں۔ کئی بار ایسا بھی ہوتا ہے کہ جب دونوں ملکوں کے فوجی ایک ہی وقت پر ایک ہی جگہ پہنچ جاتے ہیں تو دونوں ممالک کے فوجیوں کے درمیان کشیدگی بڑھ جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں