ایل جی کریں گے افتتاح،ڈلگیٹ سے لے کر ڈل کا گردونواح سیل
سرینگر ؍ایس این ایس؍25ستمبر؍شہرہ آفاق جھیل ڈل میں ائیر فورس کے ’’شو‘‘کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔یہ ’’ائیر شو‘‘ آج یعنی اتوار کو منعقد ہونے والا ہے اور اس کا افتتاح جموں وکشمیر کے ایل جی منوج سنہا کریں گے۔شو کے پرامن انعقاد کیلئے ڈلگیٹ سے لے کر ڈل کے ارد گرد کا سارا علاقہ سیل کردیا گیا ہے اور سیکورٹی بندوبست کو چوکس بھی کردیا گیا ہے۔ایس این ایس کے مطابق مرکزی سرکار کے پروگرام’’آزادی کا امرت مہوتسو‘‘کے سلسلے میں انڈین ائیر فورس کے اہتمام سے آج یعنی اتوار کو سرینگر کے شہرہ آفاق ڈل جھیل میں ایک خصوصی ائیر شو کا اہتما م ہورہا ہے جس میں ائیر فورس اپنی جدید صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف کرتب بازیوں کومظاہر ہ کرے گا۔ایس این ایس ذرائع کے مطابق ائیر فورس کے جہاز پلوامہ کے قوئل علاقے میں قائم ہوائی اڈے سے اڑان بھر کر جھیل ڈل کے فضائوں میں مشق کریں گے جس کا نظارہ کرنے کیلئے تین ہزار طالب علموں اور 700اساتذہ کو مدعو کیا گیا ہے۔یونین ٹریٹری کے ایل جی منوج سنہا اس خصوصی شو کا افتتاح کریں گے۔ذرائع کے مطابق شو کے دوران ائیر فورس کے خصوصی پائلٹ بھارت کی جدید جنگی تیاریوں سے متعلق اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے۔انتظامیہ نے اس پروگرام کے پر امن انعقاد کیلئے سیکوٹی کے فل پروف انتظامات کئے ہیںاور ڈلگیٹ سے لے کر جھیل ڈل کے چہار جانب پورے علاقے کو سیل کردیاگیا ہے ۔نگرانی کے عمل کو مضبوط بنانے کیلئے سیکورٹی کی گشت بھی تیز کردی گئی ہے اور پولیس کے ساتھ ساتھ سی آر پی ایف کے اہلکاروں کو اہم پڑائوں پر تعینات کردیا گیاہے۔معلوم ہواہے کہ ائیر شو کے دوران درجہ فہرست ذاتوں جن میں سوشل کاسٹ اورسوشل ٹرائب قابل ذکر ہیں ،سے وابستہ طلبا ء کو پائلٹ ٹریننگ کیلئے منتخب کیا جائے گا۔شو سے متعلق ساری تقریب دور درشن کیندر سرینگر اور آل انڈیا ریڈیو سرینگر پر براہ راست نشر ہوگا جبکہ پرائیویٹ ٹیلی ویژن چینلیں بھی اس شو کو خصوصی طور سے نشر کریں گی۔گزشتہ 2روز کے دوران اس علاقے میں ائیر فورس کے جہازوں نے کئی مرتبہ گشت لگادی ہے۔ایس این ایس ذرائع کے مطابق طلباء اور اساتذہ کے ساتھ ساتھ ائیر فورس اور دوسرے مہمانوں کو ایس کے آئی سی سی سرینگر میں ٹھہرایا گیا ہے۔
50