شہر خاص اور زکورہ ، نشاط میں 270افراد کو ویکسین لگوایا گیا
سرینگر//ضلع سرینگر میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر محکمہ صحت نے شبانہ ٹیکہ کاری مہم شروع کی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ محکمہ صحت نے شہر خاص کے متعدد علاقوں میں نماز مغرب کے بعد ٹیکہ کاری مہم شروع کی جس کے تحت 270کے قریب افراد کو کورونا ٹیکہ لگوائے گئے۔ یو پی آئی کے مطابق شہر سرینگر میں پچھلے کئی روز سے کورونا کے یومیہ معاملات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے کورونا کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر اگرچہ متاثرہ علاقوں کو لوہے کی سلاخوں سے سیل کرنے کا عمل جاری ہے تو دوسری جانب محکمہ صحت نے اب شبانہ کورونا ویکسین مہم شروع کی ہے۔ نمائندے نے بتایا کہ محکمہ صحت نے بدھ شام دیر گئے شہر خاص کے کئی علاقوں کے ساتھ ساتھ زکورہ ، فور شو روڑ اور نشاط میں متعدد افراد کے موقع پر ہی کورونا ٹیکہ لگوائے ۔ محکمہ صحت کے ایک سینئر عہدیدار نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چیف سیکریٹری کی ہدایت پر 15دنوں کے اندر اندر کورونا مخالف ٹیکہ کاری عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ رات کے دوران کورونا ٹیکہ لگوانے کا یہی مقصد ہے کہ وبا کے پھیلاو کو کم کیا جاسکے۔ انہوںنے کہاکہ شہر سرینگر میں یہ مہم فی الحال جاری رہے گی ۔
