87

وادی کشمیر کا سب سے بڑا ہاکی ٹرف پلوامہ میں تعمیر ہو رہا ہے

ٹرف بین الاقوامی معیار کا ہے، وادی کے باہر سے بھی کھلاڑی کھیلنے کے لئے آئیں گے/سپورٹس آفیسر پلوامہ نور الحق

پلوامہ/تنہا ایاز/// وادی کشمیر کا سب سے بڑا ہاکی ٹرف پلوامہ میں تعمیر ہو رہا ہے جس پر شد و مد سیکام جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی ضلع پلوامہ میں وادی کشمیر کا سب سے بڑا ہاکی ٹرف زیر تعمیر ہے۔ 5 کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس گراؤنڈ کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے اور امکان ہے کی رواں ماہ کے آخر تک یہ مکمل ہوگا۔ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس آفیسر پلوامہ نور الحق نے بتایا کہ وادی کشمیر میں اپنی نوعیت کا پہلا ہاکی ٹرف پلوامہ میں تعمیر ہورہا ہے جس پر کام اس وقت شد و مد سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ میں بین الاقوامی معیار کا ہاکی ٹرف تعمیر ہونے سے نہ صرف جموں کشمیر بلکہ وادی کے باہر سے بھی کھلاڑی پلوامہ کھیلنے کے لئے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کو نہ صرف صحت مندانہ سرگرمیوں اور تفریح کے مواقع میسر ہوں گے بلکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے لے لئے بھی موقع ملے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پلوامہ میں کھیلوں کے حوالے سے نوجوانوں میں خاصا ٹیلنٹ مجود ہے اور اگرچہ یہاں کے نوجوان دیگر کھیلوں کی طرح ہاکی بھی کھیلتے ہے تاہم ہاکی کی ترقی کے لئے اسٹیڈیم کی ضرورت تھی جس پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ میں اب ہاکی کے بڑے بڑے ٹورنامنٹ منعقد کیے جائیں گے۔ نمائندے تنہا ایاز کے مطابق اس منصوبے پر 4.90 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں