57

کشمیرمیں سیکورٹی فورسز کا رول سراہنا کے قابل// دلباغ سنگھ

وادی کشمیر میں بیشتر پابندیوں کو ہٹادیا گیا،امن کو مضبوط بنانے کیلئے ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہوگا

سرینگر//پولیس چیف کا کہنا ہے کہ بزرگ حریت لیڈر کے انتقال کے بعد کشمیر میں امن و قانون کی صورتحال کو یقینی بنانے میں سیکورٹی فورسز کا رول سراہنا کے قابل ہے۔ انہوںنے کہاکہ مقامی لوگوں اور نوجوانوں نے بھی اس دوران ذمہ دارانہ رویہ اپنایا جس کے نتیجے میں امن دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنایا گیا۔ پولیس سربراہ نے کہاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر اُن پر کڑی نظر رکھی جارہی ہیں۔ یو پی آئی کے مطابق جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے بزرگ حریت لیڈر سید علی گیلانی کے انتقال کے پیش نظر وادی کشمیر میں زمینی سطح پر امن و قانون کی صورتحال کو یقینی بنانے پر سیکورٹی فورسز کے رول کی سراہنا کی ہے۔انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ مقامی لوگوں، خاص کر نوجوانوں کا ذمہ دارانہ رویہ بھی قابل داد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں بیشتر پابندیوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔اپنے ایک بیان میںڈی جی پی نے گزشتہ 5 دنوں میں زمینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس سی آ رپی ایف اور فوج کی تعیناتی کی تعریف کی۔ انہوں نے پولیس اور سیکورٹی فورسز کی طرف سے دکھائے گئے’ خصوصی تحمل‘ اور مقامی لوگوں خصوصا نوجوانوں کے انتہائی ’ذمہ دارانہ ‘طرز عمل کو بہت سراہا۔انہوں نے کہا ہے ’’ ہمیں امن کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہوگا تاکہ امن کے دشمنوں کی نشاندہی کی جا سکے اور شرارتی عناصر کو قانون کے تحت سختی سے نمٹایا جا سکے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ سمیت بیشتر پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے اور کشمیر اور جموں دونوں علاقوں میں صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے لیکن قریبی نگرانی ہورہی ہے۔پولیس سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ وادی کشمیر میں حالات پوری طرح سے قابو میں ہے اور کسی کو بھی امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ امن و قانون کی صورتحال کو بہتر بنانے کی خاطر جموںوکشمیر پولیس اور دوسری سیکورٹی ایجنسیاں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں اورا س کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوام کے تعاون سے پولیس نے امن دشمن عناصر کے سبھی منصوبوں کو ناکام بنایا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں