57

ہم خود گولیاں کھائیں گے لیکن

سرنڈر کرنے والے جنگجوؤں کو بچائیں گے: لیفٹیننٹ جنرل پانڈے

سری نگر، 31 اگست// سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی ) لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے جنگجوؤں کے اہلخانہ سے اپنے بچوں کو واپس لانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خودسپردگی کرنے والے جنگجوؤں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آپریشنز کے دوران بھی جو جنگجو سرنڈر کریں گے ان کو ہر حال میں بچایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کشمیر خوشیوں سے بھرپور ہے لیکن یہاں کچھ خاندان خوش نہیں ہیں۔جی او سی لیفٹیننٹ جنرل پانڈے نے ان باتوں کا اظہار جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں منعقدہ ایک سپورٹس تقریب کے حاشئے پر سرگرم جنگجوؤں کے اہلخانہ کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کیا ہے۔اس موقع پر کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار اور دوسرے سکیورٹی عہدیدار بھی موجود تھے۔جی او سی نے کہا: ‘میں آپ سب سے درخواست کروں گا کہ کسی نہ کسی طریقے سے اپنے بچوں کو باہر نکالئے اگر آپ کو لگتا ہے کہ ملی ٹنٹ ان کو ماریں گے تو آپ کوئی اعلان کئے بغیر ان کو کسی بھی فوجی کیمپ یا پولیس جس پر آپ کو بھروسہ ہوگا، کے پاس رکھیں وہاں دو چار برس رہنے کے بعد وہ واپس آ کر اپنے سماج کے ساتھ ملیں گے۔موصوف لیفٹیننٹ جنرل نے کہا کہ آپریشنز کے دوران بھی سرنڈر کرنے والے جنگجوؤں کو بچایا جائے گا۔انہوں نے کہا: ‘آپریشنز کے دوران بھی سرنڈر کرنے والے جنگجوؤں کو کسی بھی حال میں بچایا جائے گا ہم خود زخمی ہوں گے، گولیاں کھائیں گے لیکن ان کو بچائیں گے یہ میرا وعدہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کشمیر خوشیوں سے بھرپور ہے لیکن کچھ خاندان خوش نہیں ہیں۔قبل ازیں انہوں نے سپورٹس تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ جنوبی کشمیر سے اگلے پرویز رسول، نیرج چوپرا وغیرہ جیسے کھلاڑی ضرور نکلیں گے جو ملک کا نام روشن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جس خوش اسلوبی سے اس سپورٹس فیسٹول کو انجام دیا گیا اس پر مجھے خوشی ہے۔موصوف نے کہا کہ کشمیر کے نوجوان آرٹ و کلچر کے جذبے سے سرشار ہیں مجھے امید ہے کہ وہ اس کو اسی طرح آگے بڑھائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مارشل آرٹس ٹیم نے جو کارکردگی دکھائی اس پر مجھے خوشی بھی ہے اور فخر بھی ہے۔یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں