قبائلی آبادی کو ہراساں کرنے اور چیدہ چیدہ 67

قبائلی آبادی کو ہراساں کرنے اور چیدہ چیدہ

ناجائز تجاوزات مخالف مہم پر اپنی پارٹی ایس ٹی ونگ کی تنقید

جموں، اگست30:اپنی پارٹی کی ایس ٹی ونگ نے قبائلی آبادی کو ہراساں کرنے اور اُنہیں زمینوں سے بے دخل کرنے کی مذمت کی جس پر وہ دہائیوں سے کاشت کر رہے ہیں۔ایس ٹی ونگ صدر سلیم چوہدری، سابقہ ایم ایل اے ہیرا نگر اور ضلع صدر کٹھوعہ پریم لال اور صوبائی صدر جموں ایس ٹی ونگ چوہدری شبیر کوہلی نے ضلع کٹھوعہ کے منیاری اور کوٹ پنو ں علاقہ کا دورہ کر کے وہاں پر متاثرہ لوگوں کے مسائل سنے ۔سلسلہ وار میٹنگوں کے دورا ن قبائلی آبادی سے متعلق ترقیاتی ، سیاسی اور سماجی امور پر بھی غوروخوض ہوا۔ میٹنگ میں سابقہ ایم ایل اے پریم لال نے کہاکہ سما ج کے کمزور طبقہ جات آج بھی ترقی کے محاز پر امتیاز کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ در ج فہرست ذاتیں اور درج فہرست قبائل کو یکساں طور نظر انداز کیاگیاہے، اپنی پارٹی سیاسی وسماجی طور اِن کی بہتری کے وعدے بند ہیں جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں نے اِنہیں صرف ووٹ بنک کے طور استعمال کرکے بیوقوف بنایا۔ ایس ٹی ونگ صدر سلیم چوہدری نے کہاکہ متعدد علاقہ جات سے قبائلی کنبہ جات نے اُن سے رابطہ کر کے شکایات کیں کہ اُنہیں جبری زمین سے بے دخل کیاجارہاہے جس پر اُن کے ابا واجداد کے وقت سے کاشت کرتے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جبری انخلاء انتہائی قابل ِ مذمت ہے خاص طور سے تب جب جنگلات حقوق قانون کے تحت دعوؤں کا تصفیہ ہونا باقی ہے، انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ اِس معاملہ میں فوری مداخلت کر کے چیدہ چیدہ مہم کو روکے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ جموں ضلع کے مضافات اور دیگر اضلاع میں قبائلی آبادی کو ہراساں کرنے کے لئے جو افسران ذمہ دار ہیں، کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر صوبائی صدر جموں ایس ٹی ونگ چوہدری شبیر کوہلی نے کہاکہ ’ایس ٹی طبقہ کے کئی لیڈران ہیں لیکن پھر بھی اِس طبقہ کے عام افراد کی کوئی نمائندگی نہیں ہورہی اور اُنہیں درپیش مشکلات ومسائل خاص کر اُن کے خلاف جاری جبری انخلائی مہم پر‘کوئی لب کشائی نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی قیادت صرف انہیں ووٹ بینک کے طور استعمال کر رہی ہے اور اُن کے ساتھ کئے وعدوں کبھی پورا نہیں کیاجاتا۔ انہوں نے حکومت پرزور دیاکہ ناجائز تجاوزات مخالف مہم کے نام پر متعصبانہ رویہ کو ختم کیاجائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں