107

تازہ برفبار ی :سرما سیاحتی سیزن کی امیدیں پیدا

سیاحتی مقامات گلمرگ ،پہلگام اور سونہ مرگ میں ہورہے ہیں سیاح لطف اندوز
سرینگر؍24،نومبر ؍ ؍ وادی کشمیر میں تازہ برفباری کے بعد سرما سیاحتی سیزن کی کافی امیدیں پیدا ہوگئیں ،کیوں کہ سیاحتی مقامات گلمرگ ،پہلگام اور سونہ مرگ میں ملکی سیاحوں کی ایک اچھی خاصی تعداد ان دنوں قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو رہی ہے ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق وادی میں موسم نے کروٹ بدلی جسکے ساتھ ہی کہیں برفباری اور کہیں بارش ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی پہلے ہی کی تھی جس کے عین مطابق وادی کے مختلف مقامات پر برفباری ہوئی اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ یہ ماہ نومبر میں برف وباراں کا دوسرا مرحلہ تھا ۔برف وباراں کا پہلا مرحلہ17نومبر کو ہوا تھا ۔تازہ برفباری اور بارشوں کے باعث وادی کشمیر میں ’’چلہ کلاں‘‘ کی طرح شدیدسردی کی لہردوڑ گئی ہے۔تاہم اس بدلی موسمی صورتِ حال سے وارد کشمیر ہوئے سیاح کافی لطف اندوز ہورہے ہیں ۔اس سلسلے میں ملی تفصیلات کے مطابق شہرق آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں تازہ برفباری ہوئی ہے۔ ٹنگمرگ میں رواں موسم کی پہلی برفباری ہوئی۔ گلمرگ اورٹنگمرگ میں ملک کی مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے سیاح برفباری دیکھ کرپھولے نہیں سمائے۔گلمرگ میں اڑھائی فٹ سے زیادہ برف ریکارڈ کی گئی، وہیں افروٹ اورکنگڈوری میں 3فٹ کے قریب برف جمع ہوگئی۔ وادی کشمیر میںتازہ برفباری اور بارشوں کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہوکے رہ گئے۔ ٹنگمرگ اورگلمرگ میں لوگ شدید سردی سے بچنے کے لئے آگ جلا کرگرمی حاصل کر رہے ہیں۔ وادی کشمیر میں جہاں برفباری سے لوگوں کو شدید مشکلات سے دوچارہونا پڑتاہے، وہیں، دوسری جانب ٹنگمرگ اورگلمرگ میں زیادہ ترلوگ برفباری کے منتظر ہوتے ہیں کیونکہ گلمرگ اور ٹنگمرگ میں بیشتر لوگ سیاحت سے جڑے ہیں۔ اسی سیاحت پران کاروزگارمنحصرہوتا ہے۔اس موسم میں ان کے روزگارمیں اضافہ ہوتاہے۔برفباری دیکھنے کے لیے اس موسم میں بھی کافی تعدادمیں سیاح گلمرگ آتے ہیں تاہم اس بارکورونا وائرس کی وجہ سے ابھی تک کمی نظرآتی ہے۔ لوگ امیدکرتے ہیں کہ اب سیاح زیادہ سے زیادہ رخ کریں گے تاکہ سیاحت جو پچھلے ڈیڑھ سال سے اپنی بقا کی جنگ لڑرہی ہے، واپس اپنی پٹری پرلوٹ آئے۔طارق احمد نامی ٹورسٹ گائیڈ نے بتایاکہ ٹنگمرگ اورگلمرگ میں بیشتر لوگ برفباری کے منتظر ہوتے ہیں، اسی سے یہاں سیاحت زندہ رہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ برفباری کے دوران لوگوں کو پریشانی لاحق ہوتی ہے تاہم گلمرگ اور ٹنگمرگ میں برفباری دیکھ کرہی یہاں کے لوگوں کے چہروں پرمسکان نظرآتی ہے۔ الطاف احمد نامی ٹورسٹ ڈرائیور نے بھی بتایا کہ وہ امیدکرتے ہیں کہ سیاح زیادہ سے زیادہ آئیں تاکہ ان کے روزگارمیں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو ملک کی مختلف ریاستوں میں سیاحوں کو کشمیرکی جانب راغب کرنے کیلئے جانکاری مہم چلانی چاہیے، اس کے ساتھ ساتھ مزید اقدامات اٹھانے چاہئے۔گلمرگ میں ہوئی برفباری کے بعد اب سرمائی کھیلوں کا بھی آغاز کیاجائے گا۔ان کھیلوں میں ملک بھر سے کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔ادھر پہلگام اور سونہ مرگ میں بھی ملکی سیاح نظر آئے ،جو یہاں کے مناظر سے لطف اندوز ہوئے ۔ادھر شہر آفا ق ڈل جھیل کی شان کہلانے والے ’’ہائوس بوٹ ‘‘ میں سیاحوں نے ٹھہر نے کو ترجیح دی ہے ۔سیاحوں نے بتایا کہ کووڈ۔19کی لہرنے پورے عالم کو اپنی لپیٹ میں لیا ،تاہم تمام تر احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے وادی کشمیر کی سیر پر آئے ہیں اور یہاں دلفریب ودلکش نظاروں سے لطف اندوز ہورہے ہیں ۔اس دوران سیاحت سے جڑے افراد کی موسم سرما کے دوران سیاحتی سیزن سے کافی امید یں پیدا ہوگئیں ۔ان کا کہناتھا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال وادی کشمیر میں شعبہ سیاحت مکمل طور پر زمین بوس ہوگیا اور اب امید ہے کہ آہستہ آہستہ یہاں کا سیاحتی شعبہ پھر رفتار پکڑے گا ۔ادھر محکمہ سیاحت وادی کشمیر میں شعبہ سیاحت کی ترقی اور فروغ کے لئے کئی سطحوں پر مہم چلا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ملکی وغیر ملکی سیاحوں کو وادی کشمیر کی طرف راغب کیا جاسکے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں