کہنہ مشق صحافی صوفی غلام محمد کی برسی 122

کہنہ مشق صحافی صوفی غلام محمد کی برسی

کئی سیاسی وسماجی شخصیات کا خراج عقیدت
سرینگر؍16،نومبر ؍جموں وکشمیر کے معروف کہنہ مشق صحافی صوفی غلام محمد کی برسی پر کئی سیاسی وسماجی شخصیات نے خراج عقیدت پیش کیا ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں وکشمیر کے معروف کہنہ مشق اور صحافی صوفی غلام محمد کی برسی پر اپنے خراج عقیدت کے پیغام میں کہا کہ مرحوم صوفی غلام محمد ایک باوقار اور قابل دانشور، صحافی اور قلمکار تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ مرحوم نے صحافتی میدان میں جو بے لوث خدمات انجام دیئے وہ ناقابل فراموش ہیں۔ مرحوم کی صحافت میں خاصکر تلخ وشیرین کالم جو ضرافت ، شوخی اور مٹھاس کا خزانہ پایا جاتا تھا۔ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ مرحوم نے پُر آشوب دور میں بھی اپنے قلم کو جس جرایت مندانہ طریقے سے رواں رکھا وہ بھی ناقابل فراموش ہے۔انہوں نے کہا کہ بشیر احمد بشیر نے مرحوم غلام محمد صوفی کے نقش قدم پر چل کر روزنامہ سرینگر ٹائمز کو رواں دواں رکھا اور عوامی مسائل اُجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سیاسی معاملات کو بھی لوگوں تک پہنچانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے صوفی غلام محمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک ممتاز اور دوراندیش صحافی ہونے کے علاوہ ایک عوام دوست انسانی تھے۔درایںاثنا پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال ،صوبائی صدور ناصر اسلم وانی، دیوندرسنگھ رانا اورترجمان عمران نبی ڈار نے بھی مرحوم غلام محمد صوفی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ادارہ کشمیر نیوز سروس کے مدیر اعلیٰ محمد اسلم بٹ نے بھی کہنہ مشق صحافی صوفی غلام محمد کی برسی پر مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوفی غلام محمد نے جموں وکشمیر میں اردو صحافت کے فروغ اور ترقی میں نمایاں وگراں قدر رول ادا کیا جسے کسی بھی صورت فرا موش نہیں کیا جاسکتا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں