چھانہ پورہ میں احاطہ وقار کی جانب سے پُروقار تقریب منعقد 0

چھانہ پورہ میں احاطہ وقار کی جانب سے پُروقار تقریب منعقد

  ڈاکٹر فاروق پیر کو تعلیمی و سماجی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا

سرینگرجمیل انصاری

تعلیمی و سماجی سطح پر نمایاں اور منفردکردار ادا کرنے والے معروف ماہرِ تعلیم اور سابق سیکریٹری بورڈ آف اسکول ایجوکیشن ڈاکٹر فاروق احمد پیر کو ایک پروقار تقریب میں احاطہ وقار ،سینئر سٹیزنز کونسل، چھانہ پورہ سرینگر کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا۔یہ تقریب ۶ اگست بدھ کے روز منعقد ہوئی جس میں معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے معزز شہریوں، اسکولوں کے طلبا اور دانشوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر فاروق احمد لون نے کی جب کہ مہمانانِ خصوصی میں جوائنٹ ڈائریکٹر سیاحت ڈاکٹر وسیم راجہ ، معروف ادیب اور صدر مہجور فاو ¿نڈیشن پیرزادہ ابدال مہجوراور سابق چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ شامل تھے۔اس موقع پر ڈاکٹر فاروق پیر نے اپنے تجربات اور زندگی کی جدوجہد کو طلبا و سامعین کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کی بنیاد محنت، یقینِ محکم اور پیہم عمل پر ہوتی ہے۔ انہوں نے زندگی کے چیلنجوں کو کامیابی کے مواقع میں بدلنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ مشکلات سے گھبرا جاتے ہیںوہ دراصل خود اپنی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ انہوں نے طلبا کو تلقین کی کہ وہ ریاستی اور مرکزی سطح کے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری میں کشمیری زبان کو بطور اختیاری مضمون اپنائیںکیونکہ یہ ان کے لئے ایک عملی انتخاب ہے ۔ڈاکٹر فاروق لون نے اپنے صدارتی خطبے میں تعلیم کو معاشرے میں مثبت تبدیلی کا موثر ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں اور نوجوان نسل کو سماجی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ایک روشن اور بامعنی معاشرہ تشکیل پا سکے۔ انہوں نے ڈاکٹر فاروق پیر کی زندگی کو نوجوانوں کے لئے مشعلِ راہ قرار دیا۔تقریب میں وسیم راجہ، پیرزادہ ابدال مہجور، انجینئر خضر محمد تراگ اور فاروق گیلانی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تعلیمی و سماجی میدان میں ڈاکٹر فاروق پیر کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کا آغاز قاری حاجی غلام حسن کی تلاوتِ قرآن سے ہواجس کے بعد جاوید احمد بیگ نے نعتِ رسولِ مقبول پیش کر کے دلوں کو معطر کیا۔
احاطہ وقار کے چیئرمین عبدالغنی پرے نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ سینئر صحافی اور دوردرشن سرینگر کے سابق ڈائریکٹر شبیر مجاہد نے حاضرین و مہمانانِ گرامی کا شکریہ اداکیا ۔تقریب کے آرگنائزر قاضی عبدالرشید نے مخصوص اشعار کے ذریعے سامعین کی دلجوئی کی اور ماحول کو ادبی رنگ بخشا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر فاروق پیر کا تعلق سوپور کے ایک متوسط گھرانے سے ہے جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود محنت و علم کی بنیاد پر اپنی شناخت بنائی اور آج وہ ہزاروں نوجوانوں کے لئے ایک مثالی شخصیت بن چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں