مشاعرے میں پہاڑی زبان کے سرکرہ شاعروں نے کربلا کے شہیدوں کو خراج پیش کیا
محرم الحرام کے متبرک ایام کے سلسلے میں امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُن کے رفقاء کو خراجِ عقیدت ادا کرنے کے لئے جموں اینڈ کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ کلچرل اینڈ لینگویجز کے اہتمام سے سمینار ہال کلچرل اکیڈیمی میںایک عظیم الشان حسینی مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں اطراف و اکناف سے آئے ہوئے پہاڑی زبان کے سرکردہ شعراء نے امام عالی مقام حضرت حسین اور اُن کے رفقاء کو گُلہائے عقیدت پیش کئے ۔مشاعرے کی صدارت پہاڑی زبان کے سرکردہ ادیب شاعر اور ماہرِ عروض محمد عظیم خان نے کی جبکہ شیر محمد پرواز اور محمد شفیع صابر مہمانانِ ذی وقار کی حیثیت سے ایوان میں تشریف فرما تھے۔ان کے ہمراہ شعبہ پہاڑی کلچرل اکیڈیمی کے ایڈیٹر محمد ایوب میر نعیم بھی ایوان میں موجود رہے۔مشاعرے سے قبل شعبہ پہاڑی کے ایڈیٹر محمد ایوب میر نعیم نے مہمانوں اور دیگر شعرائے کرام کا والہانہ استقبال کیا اور واقعہ کربلا اور پیغامِ امام حسینؑ پر روشنی ڈالی۔حسینی مشاعرے میں جن سرکردہ شعرائے کرام نے کربلا کے شہیدوں کے تئیں اپنا منظوم خراج پیش کیا اُن میں پرویز مانوس، عنایت اللہ خان، نشاط افروز نعیم، حامد روف قریشی،عقیل عباس، سید وقار دانش، سید اعجاز کاظمی، سید اشرف کاظمی، انعام الحق بسمل، ساحل اقبال، سید اسحاق تبسم، نصیر دلجانی، ارشاد کامل، قابلِ ذکر ہیں۔مشاعرے کی نظامت کے فرائض محمد ایوب میر نعیم نے انجام دئے۔مشاعرے میں ادباء شعراء اور مُحبانِ امام حُسین نے شرکت کی۔
