سال 2025 کے لئے تین اہم شخصیات کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا
سرینگر/ یکم جولائی/شافیہ گلفام
حضرت مرزا ابوالقاسم رح میموریل مشن کے اہتمام سے وادی میں پہلی بار حضرت مرزا ابوالقاسم رح کے ایوارڈ کا انعقاد ہوا۔اس سلسلے میں گزشتہ دنوں مدینہ پبلک ہائی اسکول گنڈخواجہ قاسم میں حضرت مرزا ابوالقاسم رح کی یاد میں 16 ویں یوم تحسین کی ایک روح پرور تقریب کا اہتمام ہوا اور یہ تقریب نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب میں وادی کے کئی مایہ ناز قلمکار، ادیب و اسکالر اور ذاکرین اہلبیت رسول ﷺ نے شرکت کرکے حضرت مرزا ابوالقاسم رح کو یاد کیا اور ان کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں آغاسید محمد انیس کاظمی قبلہ ژندپورہ بڈگام کو کشمیری مرثیہ پر منظور نظر، عمدہ و گرانقدر کارکردگی و پرخلوص خدمات کے عوض حضرت مرزا ابوالقاسم رح ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ معروف قلمکار، کالم نویس اور سوشل ورک ملک ظہور مہدی کشمیری گنڈخواجہ قاسم کو 23 سالہ بانی ادارہ حضرت مرزا ابوالقاسم رح میموریل مشن کی حیثیت سے اس ایوارڈ سے نوازا گیا اور ڈاکٹر غلام حسین بٹ خان پورہ بڈگام کو آیینہ حضرت مرزا ابوالقاسم رح کی تصنیف پر یہ ایوارڈ دیا گیا۔ بتادیں کہ اب کے بعد ہرسال حضرت مرزا ابوالقاسم رح ایوارڈ زندگی کے مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو دیا جائے گا۔
