لولاب/ ندائے کشمیر//ماجد گنائی/
مورخہ 26 اور27 جون 2025 کی درمیانی شب کو شہجار ادب لولاب کی طرف سے لولاب کے معروف گیسٹ ہاؤس Himalayan Home stay واقع چنڈی گام میں پرموٹ کشمیر کے اشتراک سے ایک شاندار شبانہ ادبی محفل کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں بہت سارے شعراء اور ادبی ذوق رکھنے والوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔یہ محفل دو نشستوں پر مشتمل رہی پہلی نشست کی صدارت صدر شہجار راشد منظور م نے کی جبکہ نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری اشرف عادل لولابی نے انجام دئے ۔اس محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوا جس کا فریضہ بالترتیب مدثر نایکو اور مقبول لولابی نے ادا کیا۔ اس مجلس میں پرموٹ کشمیر کے چیف ایڈیٹر اور ترگپورہ رفیع آباد کے معروف نوجوان صحافی ماجد گنائی بطور مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود رہے۔خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے اشرف عادل لولابی نے شہجار ادب لولاب کا مکمل تعارف بیان کیا اور تنظیم کی ادبی خدمات پر بھی گفتگو کی۔اس کے بعد مشاعرہ منعقد ہوا جس میں بہت سارے شعراء نے حصہ لیا اس مشاعرے میں شرکاء نے خوبصورت کلام پیش کیے جس سے سامعین کافی محفوظ ہویے۔مشاعرے کے اختتام پر اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے مہمان ذی وقار ماجد گنائی نے اس شعر سے شروعات کی کہ ” کاشرِ ستِن کاشری ساری نتہٕ وارانکی حاران کاو” انہوں نے شہجار ادب لولاب کی ادبی سرگرمیوں خاص کر زبان و ادب کی ترویج و اشاعت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ قیادت کی کاوشوں کو خوب سراہا۔انہوں نے ضلع کپواڑہ میں دیگر ادبی تنظیموں کی بنسبت شہجار ادب کی سرگرمیوں کو فعال اور متحرک قراردے کر خوب سراہا۔مزید ماجد گنائ نے کہا کہ ہم ہمیشہ اس تنظیم کو بھر پور تعاون دینے کے لئے تیار ہیں کہا کہ وادی لولاب کے لوگ بیشک محبت، ہمدردی اور خلوص سے بھرے ہوئے ہیں۔آخر پر خطبہ صدارت پیش کرتے ہوئے صدر محفل راشد منظور نے مہمان ذی قار ماجد گنائی کے علاوہ مقامی شعراء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی تمام تر مصروفیات ترک کرکے اس شبانہ پروگرام کو کامیاب بنایا۔ انہوں نے شعراء کے اندر بڑھتے ہوئے فن اور معیار پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام شعراء کو مبارکبادی دی۔اس نشست میں جن شعرا نے شرکت کی ان میں انور عاجز،راشد منظور،نیاز جانثار،بشیر شاہد،منظور محسن،مقبول لولابی،مدثر نایکو،سلیم مقبول اوراشرف عادل لولابی شامل ہے۔ دوسری نشست رات تین بجے تک جاری رہی اس نشست کی صدارت انور عاجز نے کی جبکہ نظامت منظور محسن نے کی۔ جس میں صاحب صدر نے اپنے خطاب میں ماجد گنایی کا شکریہ ادا کیا مزید شہجار کی کارکردگی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ۔دوسرے دن صبح کو ناشتہ کے بعد ایک مختصر سی محفل سجی جس میں تنظیمی امور پر تبادلہ خیال ہوا اور طے ہوا کہ مستقبل قریب میں ایک طرحی مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا۔
