100

جموں وکشمیر میں حلال بورڈ کے قیام کا فیصلہ

ذبح خانوں ، کارخانوں اور فیکٹریوں کو باقاعدہ حلال سرٹیفکیٹ اجرا کی جائیگی:متحدہ مجلس علماء
سرینگر؍12 ،مارچ؍ ؍ متحدہ مجلس علماء جموںوکشمیر نے ایک غیر معمولی فیصلے کے تحت ’’حلال بورڈ ‘‘ قائم کرنے کو منظوری دی ہے ۔مذکورہ بورڈیہاں پہلے سے قائم یا اب قائم کئے جارہے ذبح خانوں اور خورد و نوش کی چیزیں تیار کرنے والے کارخانوں اور فیکٹریوں کا باضابطہ معائنہ کرنے کے بعد متعلقہ اداروں کو باقاعدہ حلال سرٹیفکیٹ اجرا کرے گا۔کے این ایس کو موصولہ بیان کے مطابق متحدہ مجلس علماء جموںوکشمیر کے حالیہ اہم اور غیر معمولی اجلاس جس کی صدارت سرکردہ عالم دین مولانا محمد رحمت اللہ میر نے کی جموںوکشمیر کو سماجی سطح پر درپیش مختلف نوعیت کی کئی اہم مسائل اور معاملات پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق مسلسل نظر بندی کے سبب شرکت نہیں کرسکے جبکہ مذکورہ اجلاس میں دینی ، تعلیمی اور اصلاحی انجمنوں کے سربراہان اور مقتدر مفتیان کرام اور اہم شخصیات موجود تھیں۔جلاس میں یہ بات شدت کے ساتھ محسوس کی گئی کہ جموںوکشمیر خاص طور پر وادی میں حلال و طیب اور پاک و صاف غذا اور ذبیحہ کا تصور تقریباً مفقود ہو چکا ہے اور نہ ہی جموںوکشمیر میںتاحال علمائے کرام اور مفتیان عظام پر مشتمل کوئی بھی ایسا حلال بورڈ موجود ہے جو اسلامی تعلیمات اور ہدایات کی روشنی میں ذبح خانوں یا پھر فیکٹریوںکی باقاعدہ تصدیق اور نگرانی کا فریضہ انجام دے۔چنانچہ مذکورہ اجلاس میں بہ اتفاق رائے متحدہ مجلس علماء کے بانی صدر میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کی سرپرستی میں جموںوکشمیر میں حلال بورڈ کے قیام کا فیصلہ لیا گیا جس میں ہر مکتب فکر کے ایک ایک مفتی کا بحیثیت رکن’’ حلال بورڈ‘‘ انتخاب عمل میں لایا گیا۔مذکورہ بورڈ میںسردست مفتی نذیر احمد القاسمی ، مفتی محمد یعقوب بابا، آغا سید حسین الموسوی، مولانا شوکت حسین کینگ اور مفتی غلام رسول سامون نامزد کئے گئے جبکہ بعد میںمزید اس میں اضافے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ جموںوکشمیر حلال بورڈ یہاں پہلے سے قائم یا اب قائم کئے جارہے سلٹر ہائوسز ، ذبح خانوں اور خورد و نوش کی چیزیں تیار کرنے والے کارخانوں اور فیکٹریوں کا باضابطہ معائنہ کرنے کے بعد متعلقہ اداروں کو باقاعدہ حلال سرٹیفکیٹ اجرا کرے گا تاکہ اس عمل سے صنعتکاروں کو جموںوکشمیر کے علاوہ بیرون ممالک خاص طور پر اسلامی ممالک میں اپنی پیداوار کودرآمد کرانے میںمدد اور سہولت حاصل ہو۔اس کیلئے حلال بورڈ نے تمام متعلقہ اداروں اور ان کے مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس حوالے سے حلال بورڈ کو اپنا تعاون دیں اور بورڈ سے باقاعدہ تصدیق نامہ حاصل کریں تاکہ حلال اشیا کی درآمد اور برآمد کے حوالے سے لوگوں کو حلال ، صاف ستھری اور پاکیزہ غذا فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔اس سلسلے میں متعلقہ افراد یا ادارے مرکزی دفتر متحدہ مجلس علما میر واعظ منزل راجوری کدل یا حلال تصدیق بورڈ(Halal Certification Board) کے کسی بھی رکن سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں