ثقافت کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت، NZCC اوراکیڈیمی کی کوششیں قابلِ سراہنا (پرنسپل سیکرٹری کلچر)
سرینگر/ندائے کشمیر/جمیل انصاری/
نارتھ زون کلچرل سینٹر پٹیالہ اور جموں اینڈ کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے باہمی اشتراک سے ٹیگورہال سرینگر میں ’’ سنسکرت کلچرل یاترا 2025‘‘ کے تحت ایک ثقافتی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف جموں کشمیر ، جارکھنڈ، اتراپردیش، پنجاب، ہریانہ کے فنکاروں نے رنگارنگ تمدنی پروگرام پیش کرکے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس موقعے پر پرنسپل سیکریٹری کلچر شری برج موہن شرما مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے تقریب میں تشریف فرما تھے۔ان کے ہمراہ اکیڈیمی کی سیکریٹری ہروندر کور، این زڈ سی سی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹررویندر شرما، جرنیل سنگھ، ایڈیشنل سیکریٹری کشمیر کلچرل اکیڈیمی عدیل سلیم اور ڈپٹی سیکریٹری کلچرل اکیڈیمی سید شکیل الرحمان بھی تقریب میں موجود تھے۔ تقریب کا آغاز روایتی اسبند سوزی سے ہوا۔ تقریب کے ابتداء میں سیکریٹری کلچرل اکیڈیمی ہروندر کور نے مہمانوں کا پُرتپاک استقبال کیا اور کہا کہ اکیڈیمی اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد کرنے پر NZCCکو مبارکباد پیش کرتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ مستقبل میں بھی NZCCکو اس طرح کے ثقافتی پروگرام منعقد کرنے پر اکیڈیمی کا تعاون حاصل رہے گا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی پرنسپل سیکریٹری کلچرشری برج موہن شرما (آئی ایف ایس)نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ثقافت کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے اور آجکے پروگرام سے یہ باور ہورہا ہے کہ ہماری ثقافت کتنی زرخیز ہے اور نئی نسل تک اس کو پہنچانے اور محفوظ کرنے کا کام کلچرل اکیڈیمی اورNZCCنے سنبھالا ہے۔ انہوں نے اکیڈیمی کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ اس طرح کے پروگرام مستقبل میں بھی جاری رہنے چاہئے تاکہ یہاں کے لوگ بلخصوص نوجوان نسل دیگر ریاستوں کی ثقافت سے آشنا ہو۔ تقریب میں مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات اور فنکاروں کے علاوہ مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سنجیو شادنے انجام دئے۔