تقریب میں اسلافوں کی یاد میں کئی ادبی شخصیات ’’ ورقِ تحسین ‘‘ اعزازسے مشرف
۱۵؍ جون ۲۰۲۵ء
بارہمولہ/ندائے کشمیر/جمیل انصاری/ادبی مرکز کمراز جموں وکشمیر کی جانب سے آج مرکز کے صدر دفتر واقع کانسپورہ بارہمولہ میں مرکز کے بانی کاروں اور تعمیر کاروں کی یاد میں ’’ یومِ اسلاف‘‘منایا گیا۔ تقریب تین نشستوں پر مشتمل تھی ۔ابتدائی نشست کی صدارت پروفیسرمحمد زماں آزردہ نے کی جبکہ ڈاکٹر عبدالحفیظ مسعودی سپیشل سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی مہمانِ خصوصی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن احسان الحق چستی اور ایڈیشنل سیکریٹری کلچرل اکیڈیمی عدیل سلیم مہمانانِ ذی وقار کی حیثیت سے تقریب میں موحود تھے۔ ان کے ہمراہ دبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ بھی یوان میں تشریف آور تھے۔ صدر ِمرکز نے مہمانوں کا پُرتپاک استقبال کیا اور تقریب کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔مرکز کے نائب صدر اول شاکر شفیع نے ادبی مرکز کمراز اور اس کے اسلاف کے حوالے سے ایک پرُمغز مقالہ پیش کیا۔ اس نشست کی نظامت کے فرائض ادبی مرکز کمراز جموں وکشمیر کے جنرل سیکریٹری شبنم تلگامی نے انجام دئے۔ تقریب کی دوسری نشست میں پروفیسر محی الدین حاجنی، پروفیسر رشید نازکی، پروفیسر مشعل سلطانپوری ، نشاط انصاری اور علی محمد شہباز کی یاد میں بالترتیب ڈاکٹر غلام نبی حلیم ، بشیر مرازی ، یوسف جہانگیر، شوکت انصاری اور شہناز رشید کو ’’ورقِ تحسین ‘‘ اعزازسے نوازا گیا۔ اس نشست کی صدارت پروفیسر شاد رمضان نے کی جبکہ مرکز کے نائب صدر اول شاکر شفیع نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔تقریب کے دوران معروف شاعر قاضی غلام محمد گلشن کو اُنکی تصنیف ’’ستی سر تہ گُلِ دائود‘‘بیسٹ بُک ایوراڈ ۲۰۲۴ء پیش کیا گیا، جسمیں نقد دس ہزار روپے کی چیک اور سائٹیشن تھی۔تقریب کی اختتامی نشست میں ایک طرحی مشاعرہ پمنعقد کیا گیا۔ مشاعرے کی صدارت پروفیسر شاد رمضان نے کی جبکہ بزرگ ادیب سید سعدالدین سعدی ادبی مرکز کمراز کے جنرل سیکریٹری شبنم تلگامی اور ادبی مرکز کمراز کے نائب صدر دوم جاوید اقبال ماوری بھی اِنکے ہمراہ ایوان صدارت میں موجود تھے۔جن شعراء نے طرحی مشاعرے میں شرکت کی اُن میں محتاج گنستانی،عاشق حسین زاہد،ماسٹر الطاف حسین خان،راشد منظور،فیاض نجم،غلام حسن عجمی،نذیر ابنِ شہباز،مہتاب منظور، فاروق سمبلی،سید نادم بخاری،فاروق شاہین،اے ٹی لولابی،عظیم تاپری،نثار اعظم، غلام حسن درویش، رشید روشن،عاشق فیاض قابلِ ذکر ہیں، مشاعرے کی نظامت کے فرائض ادبی مرکز کے سینئر ایگزیکٹو ممبر غلام نبی شاکر نے انجام دئے۔ تقریب میں ادباء، شعراء، دانشوروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب کے اختتام پر جاوید اقبال ماوری نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔