گاندربل پولیس کاکنگن میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد،لوگوں کی خاصی تعداد شامل 0

گاندربل پولیس کاکنگن میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد،لوگوں کی خاصی تعداد شامل

سماج سے جرائم کو ختم کرنے کے لئے عوام کا تعاون لازمی/ایس ایس پی گاندربل

گاندربل /ندائے کشمیر/مختار احمد
پولیس اور عوام میں دوریاں کم کرنے اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی غرض سے اتوار کوگاندربل پولیس نے کنگن میں ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پوسوال کی صدارت میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا ۔ جس میں کنگن سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ جن میں مارکیٹ ایسوسی ایشن ، اوقاف کمیٹیوں ، چوکیدار ، لمبردار ، سرپنچ ، پنچ ، مقامی نوجوانوں اور دیگر عوامی نمائندے شامل تھے۔ اس موقعے پر موجود کئی لوگوں نے اجتماعی اور سماجی مسائل ابھارے اور اس طرح کے عوامی نوعیت کے پروگراموں کی تعریف کی جس میں مسائل و مشکلات اجاگرکئے جاتے ہیں ۔دربار میں موجود ایس ایس پی خلیل احمد پوسوال نے لوگوں کی طرف سے اٹھائے گئےمسائل اورخدشات کو دھیان سے سنا اور شرکاء کو یقین دلایا کہ متعلقہ محکموں سے یہ مسائل اُٹھائے جائیں گے اور پولیس سے متعلق امور کو اولین ترجیح پر ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے ضلع میں امن و امان کو برقرار رکھنے میں عوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا ، تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ مجرمانہ سرگرمیوں ، خاص طور پر منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی طریقوں کو ختم کرنے میں پولیس کی مدد کریں۔واضح رہے گاندربل پولیس ضلع میں عوامی درباروں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس سے عوام کو اپنے مسائل ارباب اقتدار تک پہنچانے میں کافی مدد ملتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں