وہاب کلچرل سوسائٹی حاجن اور حلقہ ادب حاجن کے باہمی اشتراک سے تقریب کا انعقاد
سرینگر//وہاب کلچرل سوسائٹی حاجن کے اہتمام اور حلقہ ادب حاجن کے اشتراک سے اور ادبی مرکز کمراز کی سرپرستی میں ایم ڈی حاجنی میموریل سیکنڈری اسکول میں نامور افسانہ نگار، ادا کار اور ڈراما نگار نذیر جاویدکے افسانوی مجموعے ’’لاوی ارمان‘‘ کی رسمِ رونمائی انجام دی گئی۔ تقریب کی صدارت ادبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ نے کی جبکہ ساہتیہ اکادمی کشمیری ایڈوائزری بورڈ کے کنوینر پروفیسر شاد رمضان تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ ادبی مرکز کمراز کے نائب صدر اول شاکر شفیع، اور مرکز کے جنرل سیکریٹری شبنم تلگامی اور سابق اسسٹنٹ کمشنر بشیر الدین نقشبندی بھی ایوانِ صدارت میں تشریف فرما تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اسکے فوراً بعد ساگر سرفراز نے نعتِ نبیؐ پیش کرکے سعادت حاصل کی۔ تقریب پر وہاب کلچرل سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر ریاض الحسن نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی پچھلے پچاس برسوں سے کشمیری تھیٹر اور کشمیری زبان و ادب کی آبیاری کرنے میں پیش پیش ہے۔ تقریب پر نذیر جاوید کے افسانوی مجموعے پر ڈاکٹر امین فیاض نے مفصل مقالہ پیش کیا۔ تقریب پر نثار الکریم، فاروق حاجنی اور الحاج غلام نبی ڈار نے بھی کتاب کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں اطراف و اکناف سے آئے ہوئے سرکردہ ادیبوں، شاعروں اور دانشوروں نے شرکت کی۔ تقریب کے انعقاد پر اسرار ٹریڈرس حاجن اور سجاد برادرس حاجن کا بھی تعاون رہا۔ تقریب کے اختتام پر حلقہ ادب حاجن کے نائب صدر شیخ غلام محمد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب کی نظامت کے فرائض وہاب کلچرل سوسائٹی حاجن کے جنرل سیکریٹری مجید مجازی نے انجام دئے۔