وادی بھر میں کام کرنے والی مختلف غیر سرکاری تنظیموں (NGO’s) کی شرکت۔
سرینگر/ غازی خورشید / جموں و کشمیر این جی اوز ایسوسی ایشن کی جانب سے ٹیگور ہال سرینگر میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں میں ریاست بھر میں کام کرنے والی مختلف غیر سرکاری تنظیموں (NGOs) نے شرکت کی،اجلاس کا مقصد مشترکہ کوششوں، درپیش چیلنجز اور این جی او سیکٹر کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔تقریب کے
دوران مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے اپنے کام کے دوران پیش آنے والے اہم مسائل پر روشنی ڈالی، جن میں وسائل کی کمی، قانونی رکاوٹیں، اور باہمی روابط و معلومات کے تبادلے کی ضرورت شامل تھی۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایک متحد پلیٹ فارم کی تشکیل نہایت ضروری ہے تاکہ این جی اوز اپنی سماجی خدمات کو بہتر انداز میں پیش کر سکیں، ایک جیسے کام کی تکرار سے بچا جا سکے، اور یو ٹی کے مختلف طبقات کی بہتر خدمت کی جا سکے۔ شرکاء نے حکومت کے ساتھ ممکنہ تعاون، شراکت داری، اور مستقبل کے مشترکہ منصوبوں پر بھی گفتگو کی، جن کا مقصد پائیدار ترقی، نوجوانوں کی شمولیت، اور نچلی سطح پر بااختیار بنانا ہے۔
تمام شرکاء نے اس بروقت اور ضروری کانفرنس کے انعقاد پر ایسوسی ایشن کی کوششوں کو سراہا۔ اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ اس طرح کے مشترکہ مکالمے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے، اور ایک مستقل رابطہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی تاکہ مشترکہ مسائل کو حل کیا جا سکے اور سول سوسائٹی کی آواز کو مزید مؤثر انداز میں بلند کیا جا سکے۔