غلام نبی شاہد کے شعری مجموعہ 'چاند گواہ ہے کی رسم رونمائی 0

غلام نبی شاہد کے شعری مجموعہ ‘چاند گواہ ہے کی رسم رونمائی

سرینگر میں منعقدہ تقریب میں ادباء کی ایک کہکشاں

سرینگر /زبیرقریشی /سرینگر کے مقامی ہوٹل میں ہفتہ کو ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس دوران غلام نبی شاہد کے تازہ نثری نظموں کا مجموعہ ‘چاند گواہ ہے کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ تقریب کا اہتمام نگینہ انٹرنیشنل اور جموں اینڈ کشمیر فکشن رائٹرس کے باہمی اشتراک سے کیا گیا تھا۔ تقریب کی صدارت سابق جسٹس، جسٹس بشیر احمد کرمانی نےکی جبکہ ان کے ہمراہ ایوان صدارت میں سرکردہ ادباء ایاز رسول نازکی، ظریف احمد ظریف، وحشی سعید ، مسعودہ راجپوری اور غلام نبی شاہد موجود تھے۔ آغاز میں سرکردہ ادیبہ اور محقق ڈاکٹر کوثر رسول نے مذکورہ کتاب پر تبصرہ پیش کیا جسے خوب سراہا گیا۔ اس موقعے پر جہاں غلام نبی شاہد کی تازہ تصنیف کی رسم رونمائی انجام دی گئی تو وہیں فکشن رائٹرس گلڈ کی جانب سے غلام نبی شاہد کی ادبی خدمات کے اعتراف میں انکی عزت افزائی کی گئی۔ اس موقعے پر کئی دیگر اشخاص کی جانب سے بھی غلام نبی شاہد کے ساتھ انکی محبت کے اظہار کے طور پر انہیں تحفائیف پیش کئے گئے۔ اس دوران صوفی بشیر بشر نے اپنی خوش لحن آواز میں غلام نبی شاہد کی چند نظمیں موجود سامعین کے روبرو پیش کیں جنہیں خوب پسند کیا گیا۔ تقریب میں موجود کئی شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جن میں شفیع احمد اور شوکت شفیع قابل ذکر ہیں۔ اپنے صدارتی کلمات میں جسٹس بشیر احمد کرمانی ر نے غلام نبی شاہد کو مُبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے اردو ادب میں ایک گراں قدر اضافے سے تعبیر کیا۔ مقررین نے غلام نبی شاہد کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے انکے منفرد انداز، اسلوب اور موضوعات کی تعریف کی۔ اس موقعے پر سرکردہ ادیب و شاعر رفییق راز کا پیغام ناصر ضمیر نے پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے غلام نبی شاہد کے فن تکنیک اور اسلوب پر بات کی۔ انہوں نے غلام نبی شاہد کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پروگرام کے آخر پر نگینہ انٹرنیشنل کے روح رواں ظہور ترمبو نے تحریک شکرانہ پیش کی جبکہ نظامت کے فرائض شبینہ آراء نے انجام دیئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں