یمبرزل یوتھ کلب اور رائل پبلک اسکول گاندربل نے کیا تھا سیمنار کا اہتمام
گاندربل/ 28 اپریل/ شافیہ گلفام
ثقافتی ورثے کے تحفظ اور ترقی دینے کے عنوان سے یمبرزل یوتھ کلب برین نشاط اور رائل پبلک اسکول بادام پورہ گاندربل کے اشتراک سے مزکورہ اسکول میں ایک رنگارنگ تمدنی پروگرام اور سیمنار کا انعقاد ہوا۔ سیمنار میں روایتی لوک فن،کشمیر کے ثقافتی ورثے اور تمدن کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی اور آنے والے وقت میں روایتی لوک فن، ثقافتی ورثہ اور تمدن کے تحفظ اور ترقی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔معروف ماہر تھیٹر اور ڈرامہ نویس ریشی رشید نےسیمنار میں مزکورہ عنوان کے تحت پیپر پڑا۔ رنگارنگ پروگرام کے دوران مقبول عام روایتی لوکہ پأتھر “نأوید پأتھر” حاضرین کے سامنے پیش کیا گیا جس کی حاضرین نے خوب سراہنا کی۔ اس پروگرام کو وزارت ثقافت حکومت ہند کی BTI سیکشن نئی دہلی ہمالیہ کے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور ترقی کی سال 2022-2023 کی اسکیم کا تعاون حاصل تھا۔سیمنار میں وادی کی کئی معروف تھیٹر شخصیات نے شرکت کی جن میں فلم ساز اور تھیٹر پریکٹشنر مشتاق علی احمد خان،معروف براڈکاسٹر اور ڈرامہ نویس نثار نسیم، شوکت ماگرے، شہزاد شبیر اور ساحل شفیع قابل ذکر ہیں۔سیمنار کے دوران یمبرزل یوتھ کلب کے سربراہ خورشید احمد میر نے اس قسم کے رنگارنگ پروگرام اور سیمنار اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں منعقد کرنے پرزور دیتے ہوئے کہا کہ نئی پود کو روایتی لوک فن ، کشمیر کے ثقافتی ورثے، تمدن اور تھیٹر سے متعلق جانکاری فراہم کرنے کا یہ ایک بہترین ذریعہ ہے۔ اس موقع پر اسکولی طلباء کے علاوہ اسکول کے تدریسی و غیر تدریسی عملے نے بھی اس رنگارنگ تمدنی پروگرام میں شرکت کی۔
