96

جموں میں آئندہ 6 ماہ کے لئے دفاتر کھل گئے

لیفٹیننٹ گور نر کاسرخ قالین بچھا کر استقبال
سول سیکریٹریٹ میں روایتی تقریب منعقد ،قومی ترانہ بھی بجایا گیا
جموں؍8،نومبر ؍کے این ایس ؍ سرمائی دارالحکومت جموں میں سوموار کو آئندہ6ماہ کے لئے سول سیکریٹریٹ اور اس سے منسلک دفاتر کھل گئے ۔ سیول سیکریٹریٹ میں روایتی تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس دوران پولیس کے خصوصی دستے نے لیفٹیننٹ گو رنر کو سلامی دی ۔سول سیکریٹریٹ میں لیفٹیننٹ گو رنر کا سرخ قالین بچھا کر استقبال کیا گیا ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق سخت سیکیورٹی بندوبست کے بیچ سوموار کو ششمائی دربار مئو کے تحت سوموار کو جموں کو انتظامی دربار سج گیا ۔لیفٹیننٹ گو رنر منوج سنہا کی سربراہی میں یہاں پہلی مرتبہ انتظامی دربار منعقد ہوا ۔جموں کے نامہ نگار نے بتایا کہ سرمائی دارالحکومت جموں میں دربار مو کے دفاتر کھلنے کے موقع پر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہاکی سیول سیکریٹریٹ کی آمد پر چیف سیکر یٹری بی وے آر سبھرامنیم اور دیگر انتظامی افسران نے اُن والہانہ استقبال کیا ۔اس موقعے پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیرراجیو رائے بھٹناگر اور بصیر خان،پولیس سربراہ دلباغ سنگھ ، انتظامی سیکرٹریز ، مختلف ملازمین یونینوں کے نمائندگان ، اور سول سیکرٹریٹ کے افسران و ملازمین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔لیفٹیننٹ گور نر منوج سنہا نے سول سیکریٹریٹ میں پولیس کے ایک دستے سے سلامی لی ۔لیفٹیننٹ گور نر کی آمد پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے سلامی لینے کے بعد سول سکریٹریٹ کمپلیکس اور دیگر محکموں کا معائینہ کیا۔ ششمائی دربار مو کے موقع پر سول سیکریٹریٹ کے گرد و پیش سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔جموں و کشمیر ملک کی واحد ایسی یونین ٹریٹری ہے جس کے دو دارالحکومت ہیں اور جس کا حکومتی انتظام و انصرام موسم سرما کے چھ مہینوں کے لئے جموں جبکہ موسم گرما کے چھ مہینوں کے لئے سری نگر منتقل کیا جاتا ہے۔جموں و کشمیر میں سرکاری ریکارڈوں کی منتقلی اور دربار مو سے وابستہ ملازمین کو سفری اور دیگر الائونس پر سالانہ کروڑوں روپے خزانہ عامرہ سے خرچ کئے جاتے ہیں۔اس کے علاوہ دربار مو دفاتر کی آمد کے سلسلے میں دیواروں، سڑکوں اور عمارتوں کو پْرکشش بنانے پر لاکھوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں۔ اس روایت کی داغ بیل سنہ1872 میں ڈوگرہ راج کے اْس وقت کے فرماں روا مہاراجہ رنبیر سنگھ نے ڈالی۔ یاد رہے کہ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں سول سیکریٹریٹ اور دیگر مو دفاتر 30اکتوبر کو بند ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں