ڈگری کالج گاندربل میں 20 روزہ تھیٹر ورکشاپ جاری 0

ڈگری کالج گاندربل میں 20 روزہ تھیٹر ورکشاپ جاری

نوجوانوں کو کلچرل سرگرمیوں میں مشغول رکھنا صحت مند معاشرے کی ضمانت،ورکشاپ ڈائریکٹر منظور احمد میر

گاندربل/22 اپریل/ شافیہ گلفام

کشمیر پرفارمرس کلیکٹو پٹن اور ڈگری کالج گاندربل کے اشتراک سے کالج میں 20 روزہ تھیٹر ورکشاپ جاری ہے۔ورکشاپ کے دوران ورکشاپ ڈائریکٹر منظور احمد میر نے اس ورکشاپ کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کو تھیٹر کی طرف راغب کرنے کےلئے اس قسم کے تھیٹر ورکشاپ کا اہتمام کرنا بہترین اقدام ہے۔میر نے مزید کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو کلچرل سرگرمیوں میں مشغول رکھنا صحت مند معاشرے کی ضمانت ہے اور آنے والے کل میں یہی نوجوان اپنے خاندان کے ساتھ ساتھ اپنے ملک کا نام روشن کرنے میں بہترین کردار ادا کرسکتے ہیں۔اس تھیٹر ورکشاپ میں ڈگری کالج گاندربل میں زیر تعلیم دودرجن سے زائد طلبہ و طالبات تربیت حاصل کر رہے ہیں۔بتادیں کہ اس 20 روزہ تھیٹر ورکشاپ کی اختتامی تقریب رواں ماہ کی 26 تاریخ کو سرینگر کے ٹائیگورہال میں منعقد ہوگی جہاں پر ورکشاپ میں تربیت سے فارغ ہونے والے طلباء اردو اور کشمیری میں دو اسٹیج ڈرامے پیش کریں گے اور بعد میں ان تربیت یافتہ طلباء کے ساتھ ساتھ ان ممتاز تھیٹر اداکاروں،اسکالروں اور سرپرستوں جنہوں نے اس تھیٹر ورکشاپ کے دوران اپنے بصیرت انگریز لیکچرز دئے اور تھیٹر فنکاروں کی اگلی نسل کو متاثر کیا کو توصیفی اسناد اور اعزازات سے نوازا جائے گا۔ واضح رہےکہ اس ورکشاپ کو منعقد کرنے میں وزارت ثقافت حکومت ہند کی فکشن اور پروڈکشن گرانٹ اسکیم کے علاوہ تھیٹر اینڈ آرٹ کلب اور شعبہ انگریزی ڈگری کالج گاندربل کا تعاون حاصل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں